شاہی خاندان نے سیاسی دربایوں، حواریوں کی مدد سے واسا کو تباہ کیا: فردوس عاشق

شاہی خاندان نے سیاسی دربایوں، حواریوں کی مدد سے واسا کو تباہ کیا: فردوس عاشق

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب خستہ اور تباہ حال اداروں کو پاؤں پر کھڑے کرنے کی کوشش میں مصروف عمل ہے۔ شاہی خاندان نے نا صرف واسا کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا بلکہ اپنے سیاسی درباریوں اور حواریوں کی مدد سے اس کو تباہ کیا۔ لاہوریوں کی محبت کا دعویٰ کرنیوالوں نے اس ادارے کا بھر پور استحصال کیا۔ آج یہ ادارہ دنیا کے بہترین اداروں سے مقابلہ کررہا ہے۔ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق نے وائس چیئرمین واسا شیخ امتیاز محمود اور ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز کے ہمراہ واسا ہیڈ کواٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔فردوس نے کہا کہ گندے پانی سے جڑے صحت کے مسائل کو لاہوری شاہی خاندان کی عطا سمجھ کر برداشت کرتے رہے۔ ظل سبحانی دوئم بارش کے پانی کو پوائنٹ سکورنگ کا ذریعہ بناتے رہے۔تحریک انصاف کی حکومت نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں واسا میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لاکر مسائل کے حل کو یقینی بنایا۔ بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لئے لارنس روڈ پر 14لاکھ گیلن پانی کو محفوظ کرنے کے لئے زیر زمین واٹر ٹینک بنائے گئے۔ اب وہ پانی پی ایچ اے بہترین انداز میں استعمال میں لارہی ہے۔ کشمیر روڈ اور شیرانوالہ گیٹ پر دو مزید زیر زمین واٹر ٹینک کی تعمیر کا کام جاری ہے۔جس کی گنجائش 15لاکھ گیلن فی ٹینک ہوگی اور اس منصوبے کی تکمیل کیلئے 19کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ ماضی میں سیاسی بھرتیوں کے ذریعے اپنے کارکنان ادارے پر قابض کروائے گئے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی دفعہ میرٹ پر شفاف بھرتیاں کیں اور خواتین کو باختیار بنانے کے لئے انہیں آپریشن ونگ میں تعینات کیا گیا۔  پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ 50سے زائد سب انجینئر میرٹ پر بھرتی کئے گئے۔ گاڑیاں دھونے کے مشغلہ میں ضائع ہونے والے پانی کو محفوظ بنانے کے لئے 310کار واش سٹیشن پر ری سائیکلنگ پلانٹس لگائے گئے۔مساجد میں پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے بھی ری سائیکلنگ کے ذریعے اقدامات کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ واسا کے صارفین 5لاکھ سے بڑھ کر 7لاکھ ہوچکے ہیں اور 2ارب سے زائد کی آمدن واسا کی مدد سے حکومتی خزانہ میں آئی ہے۔  انہوں نے کینڈین فیملی پر دہشت گردانہ حملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے ایسے واقعات کو روکنا ہوگا۔ 

فردوس عاشق

مزید :

صفحہ اول -