چکدرہ میں تھیلیسیمیاسنٹر کے لئے ڈونرزکانفرنس کاانعقاد
چکدرہ(تحصیل رپورٹر)چکدرہ میں تھیلیسیمیاسنٹر کے لئے ڈونرزکانفرنس کاانعقاد، شہریوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، مجموعی طورپر 42لاکھ روپے کے اعلانات جبکہ 15لاکھ روپے نقد ادا کئے گئے،علاقہ بھر کے سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت، ایم پی اے ہمایون خان اور ایم این اے محبوب شاہ کی کاوشوں کو سراہاگیا، آج سنٹر کاباقاعدہ افتتاح کیا جائے گاتفصیلات کے مطابق ایم پی اے ہمایون خان کی کوششوں کے نتیجے میں شعبہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکدرہ میں قائم کردہ تھیلیسمیاسنٹر میں بنیادی ضروریات کی سہولیات کی فراہمی کے لئے گزشتہ روز فشنگ ہٹ چکدرہ ڈونرز کانفرنس منعقد کی گئی جس میں ایم این اے سید محبوب شاہ،ڈی ایچ اوڈاکٹر ارشادروغانی، ایم ایس ٹی ایچ کیوڈاکٹر حماد، فوکل پرسن کروناویکسینیشن ڈاکٹر نجیب سمیت علاقہ بھر کی سیاسی و سماجی شخصیات نے کانفرنس میں شرکت کی، ایم پی اے ہمایون خان،ڈی ایچ او ڈاکٹر ارشاد روغانی،سابق سینیٹر مولانا گل نصیب خان، حسین شاہ یوسفزئی، اقبال شاکر،ایم ایس ٹی ایچ کیو ڈاکٹر حماد،سلطنت یار ایڈووکیٹ، لیاقت الملک باچا، وقارالملک تاجک،دوست دار خان، حاجی اول خان اور خورشید علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تھیلیسمیاایک جان لیوامرض ہے جس کا واحد علاج بلڈ ٹرانسفیوژن ہے، انہوں نے چکدرہ میں تھیلیسمیاسنٹر کے قیام کو خوش آئند قراردیااوراس سلسلے میں ایم پی اے ہمایون خان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ انہوں نے پورے علاقے پر احسان کیا ہے، انہوں نے مذکورہ سنٹر کے قیام میں مکمل تعاون کاعزم ظاہرکرتے ہوئے شہریوں پر زوردیاہے کہ اس خیرخیگڑہ میں آگے بڑھ کر حصہ لیں کیونکہ یہ صدقہ جاریہ ہے اور ایک انسان کی زندگی بچاناپوری انسانیت کو بچاناہے جبکہ سماجی خدمات میں کردار ادا کرنا ہماری اجتماعی معاشرتی ذمہ داری ہے، اس موقع پر حاجی اول خان نے چھ لاکھ، حاجی امیر نوشاداور ملک ناصر خانے پانچ پانچ لاکھ،ایم این اے سید محبوب شاہ،فرید خان یوسفزئی،سید علی شاہ، ڈاکٹر ثناء اللہ اور مزید تین افراد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک ایک لاکھ روپے،واصل خان بہرام خیل نے 70ہزار،نذیر محمد اورصاحب اللہ نے پچاس پچاس ہزارجبکہ غلام حسین نے دس ہزار روپے کا اعلان کیایوں مجموعی طورپر 42لاکھ روپے کے اعلانات کئے گئے جن میں 15لاکھ روپے نقد ادا کئے گئے جبکہ اولسی خیر خیگڑہ اور مختلف سماجی وفلاحی تنظیموں کی جانب سے بلڈ ڈونیشن کے بھی اعلانات کئے گئے۔