سنٹرز میں اضافے سے ویکسی نیشن کے شرح میں بھی اضافہ ہو گا: جاوید مروت

    سنٹرز میں اضافے سے ویکسی نیشن کے شرح میں بھی اضافہ ہو گا: جاوید مروت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 پشاور(سٹاف رپورٹر)کمشنر کوہاٹ ڈویژن جاوید مروت نے کہاہے کہ کورونا ویکسی نیشن سنٹرز میں اضافے سے جہاں ایک طرف لوگوں کو سہولت میسر آئے گی وہیں ویکسی نیشن کی شرح میں بھی اضافہ ہو گا اور کورونا جیسے خطر ناک اور جان لیوا وائرس کے تدارک میں مدد ملے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی ایم اے آفس کوہاٹ میں کورونا ویکسی نیشن سنٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کیپٹن (ر) عبد الرحمٰن بھی انکے ہمراہ تھے جبکہ دیگر ضلعی افسران، محکمہ صحت اور ٹی ایم اے کے افسران و اہلکاربھی موجود تھے۔کمشنر کوہاٹ ڈویژن جاوید مروت نے ویکسی نیشن سنٹر میں فراہم کی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا اور عملے کو عوامی خدمات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ یہاں پر ویکسی نیشن سنٹر کے قیام کا مقصد جہاں ایک طرف لوگوں کو ویکسی نیشن کے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ لوگوں کو زیادہ انتظار نہ کرنا پڑے وہیں یہ مقام شہر کے تقریباً وسط میں ہونے کی وجہ سے تمام شہریوں کو آسانی سے رسائی بھی حاصل رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن سنٹرز کے علاوہ موبائل ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو کہ فیلڈ میں اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جتنا جلد ہو سکے نہ صرف اپنی ویکسی نیشن کرائیں بلکہ اپنے عزیز و اقارب کو بھی اس بات کی تلقین کریں تاکہ کورونا وائرس کو شکست دے کر جلد اپنی معمول کی زندگی کی جانب لوٹ سکیں۔اس موقع پرتعلیمی اداروں سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے این سی او سی کی جانب بہتر عوامی مفاد میں اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور جن علاقوں میں کورونا مثبت کیسز کی شرح کم ہے وہاں سکول کھولے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن سنٹرز میں اضافے کا مقصد ہی یہی ہے کہ جلد کورونا جیسی آفت سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکیں اور معمول کی زندگی بحال ہو سکے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جس طرح ہیلتھ ورکرز، انتظامیہ و دیگر متعلقہ ادارے شب و روز خدمات میں کوشاں ہیں تو آنے والا کل آج سے بہتر ہو گا اورپرسوں کل سے بہتر ہو گا۔