نمک منڈی اور ڈبگری گارڈن میں تجاوزات کیخلاف آپریشن‘20 گرفتار

نمک منڈی اور ڈبگری گارڈن میں تجاوزات کیخلاف آپریشن‘20 گرفتار

  

پشاور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے نمک منڈی اور ڈبگری گارڈن میں تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 20 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ نو پارکنگ زون کی خلاف ورزیوں پر 83 موٹر سائیکلیں ٹرمینل میں بند کردیں۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے مرکزی تنظیم تاجران کی اپیل پر نمک منڈی‘ ڈبگری گارڈن اور مذکورہ علاقوں سے متصل بازاروں کے تاجروں کو تجاوزات ختم کرنے کے لئے تین دن کی ڈیڈلائن دی تھی جس کے خاتمے پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی موجودگی میں تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائیں کارروائیوں کے دوران 20 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ نو پارکنگ زون کی خلاف ورزیاں کرنے پر 83 موٹر سائیکلوں کو ٹرمینل میں بند کردیا جن پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے جرمانے عائد کئے گئے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے تجاوزات مافیا کے خلاف کی جانیوالی کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں عمل میں لائیں اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر شہر میں تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں بصورت دیگر کارروائیوں کے دوران ان کے سامان کو ٹرمینل منتقل کر کے ان پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں تجاوزات ناقابل برداشت ہے کیونکہ اس سے شہر کی خوبصورتی ماند پڑ جاتی ہے جو کسی طور پر قبول نہیں ہے۔ انہوں نے نمک منڈی‘ ڈبگری گارڈن اور دیگر بازاروں میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کی ڈیوٹی لگائی کہ وہ تجاوزات مافیا پر چیک اینڈ بیلنس رکھیں تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ کئے جا سکے۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -