کراچی کو صاف پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے: سید ناصر شاہ 

    کراچی کو صاف پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے: سید ناصر شاہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت محکمہ بلدیات سندھ میں اعلی سطح اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکرٹری بلدیات انجینئر سید نجم احمد شاہ نے وزیر بلدیات سندھ کو شہر کو فراہمی آب کے حوالے سے میگا اسکیموں اور عالمی اداروں کے تعاون سے جاری منصوبہ جات پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی، ایم ڈی واٹر بورڈ، سیکرٹری پلاننگ، وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی، پراجیکٹ ڈائریکٹر KWSSIPسمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔سیکرٹری بلدیات سید نجم احمد شاہ نے وزیر بلدیات سندھ کو بریفنگ میں بتایا کہ شہر کی پانی کی ضروریات اور بڑھتی آبادی کے پیش نظر سائنسی بنیادوں پر ایسا مکینزم تشکیل دیا جارہا ہے جس کے ذریعے تمام صنعتی و رہائشی علاقوں میں مستقل طور پر فراہمی آب اور سیوریج کی نکاسی کا بندوبست کیا جاسکے اور اس مقصد کی تکمیل کے لئے ورلڈ بینک سمیت تمام عالمی اداروں کے ساتھ کوآرڈینشن کا عمل جاری ہے۔ وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی شہر کے اندر پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سیورج کے مسائل کا حل حکومت سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور میٹرو پولیٹن سٹی کا درجہ رکھنے والے شہر کراچی کے عوام کے لئے سہولیات کی فراہمی پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ہے۔ وزیر بلدیات سندھ نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو پانی چوروں کے خلاف کریک ڈاون میں مزید تیزی لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے پانی پر سب سے پہلا حق یہاں کے رہائشی افراد کا بنتا ہے۔کسی بھی فرد یا گروہ کو شہر کے لئے فراہم کردہ پانی چوری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ناصر حسین شاہ نے تمام پمپنگ اسٹیشنوں سے بلا تعطل پانی کی فراہمی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں سے پانی کی کمی کی شکایات موصول ہورہی ہیں ان تمام علاقوں میں سپلائی معمول کے مطابق لانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں اور پیپلز پارٹی سندھ کے حصے کا پانی حاصل کرنے کے لئے جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سید نجم احمد شاہ نے وزیر بلدیات سندھ کو عالمی بینک کے تعاون سے جاری منصوبے کی رفتار اور کارکردگی کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ بیرونی فنڈنگ کے ذریعے چلنے والے تمام پراجیکٹس کامیابی کے ساتھ ترقی کی منازل طے کررہے ہیں اور غیر ملکی ماہرین اور پیشہ ورانہ کنسلٹنٹس کی قیمتی آرا سے بھی استفادہ حاصل کیا جارہا ہے۔ ناصر حسین شاہ نے مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ادارہ جاتی رابطوں اور مشورہ سازی کے عمل پر زور دیا اور عزم ظاہر کیا کہ کراچی اور سندھ کی عوام کے لئے انتھک کاوشوں کا سلسہ مزید دراز اور تیز کیا جائے گا۔

مزید :

صفحہ اول -