وزیراعظم کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں: کامران بنگش

  وزیراعظم کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں: ...

  

 پشاور(سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم اور ترجمان خیبرپختونخوا حکومت کامران بنگش نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق نوجوانوں کوہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے اور انہیں پلیٹ فارم مہیا کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔اسی سلسلے میں محکمہ امورنوجوانان خیبرپختونخوااور ضلعی انتظامیہ پشاور نے نوجوانوں کو مختلف سہولیات فراہم کرنے کیلئے صوبے کی تاریخ کاپہلا پشاور یوتھ کمپلیکس بنانے کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ امور نوجوانان خیبرپختونخوا کے زیراہتمام ضلعی انتظامیہ پشاور کے کانفرنس ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پرڈائریکٹر یوتھ سلیم جان مروت،ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر)خالد محمود، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ میاں شفیق اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ معاون خصوصی کامران بنگش نے کہاکہ پشاور یوتھ کمپلیکس میں نوجوانوں کو چھوٹے کاروبار کیلئے قرضوں کے حصول سے متعلق رہنمائی سمیت صحت مند سرگرمیوں کے انعقاد کیلئے آرٹ ہال اور انکیوبیشن سنٹر بھی تعمیر کیا جائے گا جس میں نوجوانوں کیلئے مختلف تعلیمی مقابلے، ای گیمنگ، نئے کاروبار شروع کرنے کے حوالے سے تربیت، نوجوانوں کی فلاح و بہبودکیلئے ریسرچ اینڈ ڈاکومنٹیشن سنٹر، تربیتی مرکز، ورکشاپ، کانفرنس اور دیگر سرگرمیاں منعقد کی جاسکیں گی۔ ڈائریکٹر یوتھ سلیم جان مروت نے کہاکہ پشاور یوتھ کمپلیکس کا مقصد نوجوانوں کو ایک ایسی جگہ فراہم کرنی ہیں جہاں سے وہ کچھ سیکھ کر اپنے مستقبل کو روشن کرسکیں۔ پشاور یوتھ کمپلیکس میں تعلیمی نشوونما کیساتھ ساتھ ای گیمنگ، سنوکر، کلائمبنگ وال، چیس سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جائینگی۔ پشاور شہر کے سنگم میں یوتھ کمپلیکس صوبے کی تاریخ کا پہلا کمپلیکس ہوگا جہاں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر ہونگے اور ساتھ ہی ماہرین سے مختلف کاروباری سرگرمیوں سے متعلق آگاہی اور دیگر معلومات مل سکے گی۔ ضلعی انتظامیہ پشاور کی جانب سے دی جانے والی اراضی پرنوجوانوں کیلئے جواں مرکز قائم کررہے ہیں پشاور اور صوبے میں نوجوانوں کی تعداد کافی ہے اور صوبائی حکومت کے وژن کے مطابق انہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -