لیگی رہنما جاوید لطیف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 23جون تک توسیع
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )ریاست مخالف بیانات کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 23جون تک توسیع کردی گئی۔
نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق ماڈل ٹاون کچہری میں لیگی رہنما جاوید لطیف کے خلاف ریاست مخالف بیانات کے کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ چالان پراسکیوشن میں جمع کرایا تھا جس پر اعتراضات لگے ہیں، چالان کی تکمیل میں مزید وقت درکار ہے۔
تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کا حکم دیا جائے۔عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعامنظور کرتے ہوئے لیگی رہنما کے جوڈیشل ریمانڈ میں 23 جون تک توسیع کر دی۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ مجھے ملک کی فکر ہے اپنی نہیں، ملک کا نظام تباہ ہو گیا، آئے روز ٹرین حادثات ہو رہے ہیں، حکومت کسی چیز کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔