مکان کی تعمیر کے بعد رقم کے تنازعے پر بلڈر نے ایسا کام کردیا کہ مالک مکان آ گ بگولہ ہوگیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک آدمی نے گھر کی توسیع کے لیے ایک بلڈر کی خدمات حاصل کیں اور جب بلڈراور اس کی ٹیم تمام تعمیر مکمل کر چکے تو ان کا گھر کے مالک کے ساتھ رقم کے معاملے پر تنازعہ کھڑا ہو گیا جس پر اس بلڈر نے ایسا کام کر ڈالا کہ مالک مکان غصے سے آگ بگولہ ہو گیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ گھر سٹونی گیٹ کے گیلفرڈ روڈ پر واقع ہے، جس کا 40سالہ مالک ان دنوں اپنی فیملی کے ہمراہ چھٹیوں پر بیرون ملک موجود ہے۔ اس نے چھٹیوں کے دوران گھر کے تعمیراتی کام کے لیے بلڈر کو ہائر کیا تھا۔
بلڈر نے مقررہ وقت پر کام ختم کر دیا مگر پھر اس کا مالک مکان کے ساتھ رقم کے معاملے پر جھگڑا ہو گیا اور اس نے گھر میں جو کچھ تعمیر کیا تھا، وہ سب مسمار کر دیا اور چلتا بنا۔ لسیسٹرشائر لائیو سے گفتگو کرتے ہوئے گھر کے مالک کا کہنا ہے کہ ”ہم پہلے تو اس گھر میں مقیم تھے مگر اب گھر کی جو حالت ہو چکی ہے،وہ رہائش کے قابل بھی نہیں رہا۔ اس کی حالت ایسی ہے، جیسی اسے بم دھماکے سے تباہ کر دیا گیا ہو۔ پورے گھر میں اینٹیں اور دیگر تعمیراتی سامان بکھرا پڑا ہے اور پورا گھر ٹوٹ چکا ہے۔ بلڈر نے فروری میں کام شروع کیا تھا جو اب جا کر مکمل ہوا۔ اس نے رقم کا تنازعہ شروع ہونے پر میرے واپس آنے کا انتظار بھی نہیں کیا اور پہلے ہی جو کچھ تعمیر کیا تھا وہ گرا دیا۔ اب ہم پریشان ہیں کہ چھٹیوں سے واپس جا کر کہاں رہیں گے۔“