عوامی مسائل کا حل ترجیحات میں شامل ہے‘ ڈاکٹر محمود بیٹنی

عوامی مسائل کا حل ترجیحات میں شامل ہے‘ ڈاکٹر محمود بیٹنی

  

 ڈیر ہ اسماعیل خان(بیورو رپورٹ)محکمہ صحت کے عملہ کی جو ذمہ داریاں عوامی مسائل کے حل کیلئے ہیں ان پر عمل کرانا ترجیحات میں شامل ہے، عوامی خدمت کے جذبہ سے کام کرینگے، اس سرزمین سے میرا تعلق ہے، ضلع بھر میں جہاں جہاں بھی صحت کے حوالے سے مسائل ہیں اسکا بھرپور ادراک ہے، زمینی حقائق سے بخوبی آگاہ ہوں،میری کوشش ہے کہ مثبت سوچ اور حکمت عملی کے تحت ان مسائل کو حل کروں۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈیرہ ڈاکٹر محمود جان بیٹنی نے اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے خصوسی نشست کے دوران کیا۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر محمود جان بیٹنی کا کہنا تھا کہ بنیادی مراکز صحت کو مزید فعال بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کی ہے۔ ٹائپ ڈی ہسپتالوں پروآ، پہاڑ پور، پنیالہ، درابن، چودھوان اور کلاچی تحصیل ہسپتال میں عملہ کی حاضری اور ضروری ادویات کی دستیابی کے حوالے سے ہرممکن عوامی سہولیات فراہمی کو یقینی بناؤں گا۔پہاڑ پور، پنیالہ اور پروآ کے ہسپتالوں میں اختیارات چونکہ وہاں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو حاصل ہیں اسلئے ان ہسپتالوں کا انتظام اور دیگر امور کی ذمہ داری ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کی بجائے متعلقہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کی ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈینگی کی صورتحال کے حوالے سے ان کا بتانا تھا کہ فوکل ڈاکٹر فاروق گل بیٹنی کی قیادت میں ویجینلس ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں سپرے اور دیگر اقدات کئے ہیں جس کے باعث درازندہ جیسے ہائی رسک علاقہ میں جہاں 30سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے صورتحال کنٹرول میں ہے، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر درازندہ ان مسائل کو دیکھ رہے ہیں اور وبا کے پھیلنے کے اقدامات انتہائی کم ہیں۔ پولیو مہم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15ماہ میں پاکستان پولیو فری ملک رہا تاہم بدقسمتی سے شمالی وزیرستان میں یکے بعد دیگرے آٹھ کیسز رپورٹ ہونے سے ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں ہائی رسک پر ہیں کیونکہ بنوں میں ماحولیاتی نمونہ جات کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اسلئے 5سال تک کی عمر کے ہر بچے کے والدین کی یہ قومی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو مہم کے دوران ہر بار پولیو سے بچاؤ کی ویکیسن کے دو قطرے لازمی پلائیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -