ڈیرہ‘ کل سراج الحق  کا جلسہ تاریخ ساز ہو گا

  ڈیرہ‘ کل سراج الحق  کا جلسہ تاریخ ساز ہو گا

  

ڈیر ہ اسماعیل خان(بیورو رپورٹ)سودی نظام کیخلاف جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ڈیرہ اسماعیل خان کے حق نواز پارک میں جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سراج الحق کی قیادت میں دس جون کو ہونے والے جلسہ عام میں عوام کی ایک بڑی تعداد کی شرکت کی توقع کی جارہی ہے۔شہر میں جماعت اسلامی کی جانب سے جاری رابطہ عوام اور اشتہاری مہم بھی عروج پر ہے،جماعت اسلامی کے رہنما  اور فائزنا گارڈن کے چیئرمین اعجاز اعوان کی جانب سے شہر کے اہم چوراہوں اوراہم مقامات پر بینرز اور قد آور فلیکس آویزاں کئے گئے ہیں،تاہم شہریوں کی جانب سے سود جیسی لعنت اور خالق کائنات سے جنگ جیسے نظام سے چھٹکارہ مہم کے سلسلہ میں نظریاتی اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر اس جلسہ کو عوامی پذیرائی مل رہی ہے۔ جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مولانا سلیم اللہ ارشد کی نگرانی میں متعدد کمیٹیاں دس جون کو حق نواز پارک ڈیرہ میں بعد نماز عصر منعقد ہونے والے جلسہ کی تیاریوں اور دیگر انتظامات کو آخری شکل دینے میں متحرک ہیں۔اس حوالے سے جماعت اسلامی ڈیرہ کی جانب سے جلسہ گاہ حقنواز پارک میں استقبالیہ کیمپ بھی قائم کردیا گیا ہے۔ جلسہ سے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر مولانا سراج الحق کے علاہ صوبائی قائدین پروفیسر محمد ابراہیم، عبدالواسع اور دیگر شریک ہوں گے۔ ملک کے موجودہ سیاسی حالات اور مستقبل کی سیاسی پیش بندیوں کے تناظر میں بھی جماعت اسلامی کے اس جلسہ کو اہمیت دی جارہی ہے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کی جانب سے تحصیل درابن کی نظامت کی کامیابی کے بعد جماعت کی جانب سے آنے والے عام انتخابات میں مضبوط امیدوار میدان میں اتارنے کی تیاریاں بھی اسی جلسہ کے انعقاد کے سلسلہ کی کڑیاں بتائی جاتی ہیں۔دریں اثنا جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلہ میں جماعت اسلامی ڈیرہ کے ضلعی امیر مولانا سلیم اللہ ارشد نے تحصیل امیر جماعت اسلامی حاجی محمد عقیل ڈمرہ، احسان اللہ شانی بلوچ اور قدرت اللہ بلوچ گاؤں نواب میں  مولانا الیاس کے مدرسہ میں اہل علاقہ کو 10جون کے جلسہ عام کی دعوت دی جس پر اہل علاقہ نے بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی۔

مزید :

صفحہ اول -