پیپلز موومنٹ اور ڈیمو کریٹک الائنس نے قبل از وقت انتخابا ت مسترد کر دیئے

پیپلز موومنٹ اور ڈیمو کریٹک الائنس نے قبل از وقت انتخابا ت مسترد کر دیئے

  

      کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز موومنٹ کے چیئرمین سید منظور علی گیلانی اور نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے چئیرمین اقبال ڈار نے  قبل از وقت الیکشن کے انعقاد کو مسترد کرتے ہوئے خود کش حملہ کرنے کی دھمکیاں دینے والے سابق وفاقی وزرا کے خلاف فوری قانونی کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے  کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ایک طرف پاکستان میں گرتی ہوئی معیشت، بے روزگاری، مہنگائی اور استحصالی نظام میں عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے تو دوسری طرف سیاسی بحران بھی تشویش ناک صورتحال اختیار کر چکا ہے۔پاکستان کے جفا کش محنتی عوام کو انکے بنیادی حقوق سے ہمیشہ محروم رکھا گیا جبکہ 1973 کا آئین انکے حقوق کا تحفظ کرتا ہے اسی طرح مقامی حکومتوں کے قیام اور اختیارات نہ دیکر وفاقیت کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے۔ پی پی ایم اور این ڈی اے میں شامل سیاسی جماعتوں کے مشترکہ اجلاس منعقدہ لاہور اور کراچی میں فیصلہ کیا گیا۔ ہماری رائے میں پارلیمنٹ، عدلیہ اور ریاستی اداروں کو اپنی اپنی آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے قومی سلامتی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تشویشناک امر یہ ہے کہ اقتداری سیاست کی جماعتیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی جبکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ قومی اتفاق رائے سے ایک ایجنڈا پر متبادل پلیٹ فارم بنایا جائے لہذا پی پی ایم اور این ڈی اے  میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کا واضح اور دو ٹوک موقف ہے کہ ہم آئین کی بالادستی،قانون کی حکمرانی،آزاد عدلیہ اور مقتدر پارلیمنٹ کے بنیادی اصولوں پر قائم رہتے ہوئے اس فرسودہ، استحصالی، سیاسی اور معاشی  نظام میں بنیادی تبدیلیوں کے لیے جدوجہد کریں گے اس موقعہ پر ہم ہندوستان میں بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ  طرف سے  ہونے والی توہین رسالت کی بھی بھر پور مذمت کرتے ہیں نیز کشمیر میں ہونے والی بھارتی بربریت اور مظالم کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے فوری مداخلت کا مطالبہ بھی کرتے ہیں اس موقعہ پر اسلم خان کراچی گرینڈ الائنس،اظہر جمیل چیئرمین قومی محاذ آزادی،شیراز الطاف عوامی فلاحی پارٹی، صدام حسین پاکستان جنت پارٹی، یونس سایانی آزاد اتحاد،اظہر عباس زیدی مسلم لیگ قیوم اور صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی علما مشائخ پاکستان بھی موجود تھے

مزید :

پشاورصفحہ آخر -