گھر سے لاپتا ہونے والا 3 سالہ بچہ 2 دن بعد ایک شیڈ میں سویا ہوا مل گیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں لاپتہ ہونے والا 3سالہ بچہ 2دن بعد زندہ سلامت ایسی جگہ سے مل گیا کہ پولیس آفیسرز بھی دنگ رہ گئے۔ "میل آن لائن" کے مطابق امریکی ریاست مونٹانا میں ریکر ویب نامی اس بچے کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی تھی جس کے بعد 2دن تک پولیس اس کی تلاش میں سرگرداں تھی۔ اس علاقے میں درجہ حرارت بھی صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک تھا اور غالب امکان تھا کہ اگر بچے کے ساتھ کوئی اور حادثہ نہ بھی ہوا تو اس قدر سردی میں وہ گھر سے باہر بچ نہ پائے گا۔
رپورٹ کے مطابق 2دن بعد ریکر ویب اپنے گھر سے اڑھائی میل دور ایک شیڈ میں سویا ہوا ملا۔ اس شیڈ میں گھاس کی کٹائی کرنے والی مشین اور دیگر سازوسامان پڑا تھا۔ وہاں گھاس اکٹھی کرکے لیجانے والے کچھ کپڑے بھی پڑے تھے۔ سردی سے بچنے کے لیے ریکر ویب ان کپڑوں میں گھس کر سویا ہوا تھا۔پولیس نے بچے کو وہاں سے ہسپتال منتقل کر دیا جہاں اس کا طبی معائنہ کرانے کے بعد اسے ماں باپ کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق بچہ اپنے گھر کے باہر کھیل رہا تھا جب وہ لاپتہ ہوا۔ ممکنہ طور پر وہ خود ہی چلتا ہوا گھر سے اتنی دور نکل آیا اور راستہ بھول گیا۔