برطانوی فوج کے سابق کمانڈو نے ہمسائے میاں بیوی کو چھوٹی سی بات پر قتل کر دیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک سابق کمانڈو نے کار پارکنگ پر جھگڑا ہونے پر اپنے ہمسایہ میاں بیوی کو چھریوں کے وار کرکے موت کے گھاٹ اتار ڈالا ۔ دی سن کے مطابق اس سابق کمانڈو کی شناخت کولن ریویس کے نام سے ہوئی ہے۔ اس گھناﺅنی واردات کے بعد جب اسے پولیس آفیسرز نے گرفتار کیا تو کہنے لگا کہ ”میں تو اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا۔“
رپورٹ کے مطابق دوہرے قتل کی یہ واردات برطانوی علاقے سمرسیٹ میں واقع قصبے ٹونٹن میں ہوئی جہاں36سالہ سٹیفن شیپل اور33سالہ جینیفر شیپل نامی میاں بیوی کے ساتھ 34سالہ ملزم کا کار پارک کرنے کے معاملے پر جھگڑا ہوا اور وہ رات کو چھری لے کر ان کے گھر میں گھس گیا اور انہیں موت کے گھاٹ اتار ڈالا۔ پولیس نے قاتل کو برسٹل کراﺅن کورٹ میں پیش کر دیا ہے جہاں اس کے خلاف مقدمے کی کارروائی جاری ہے۔