سمٹ بینک کو مکمل اسلامی بینک میں تبدیل کرنے کی اجازت مل گئی
کراچی (اکنامک رپورٹر) سمٹ بنک لمیٹید نے اسلامی بینکا ری کا آغاز کرتے ہوئے آئندہ تین سال میں بینک کو ایک مکمل اسلامی مالیاتی ادارے میں تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا۔ پہلی اسلامی بینکار ی برانچ کا افتتاح سمٹ بینک کے چیئرمین نصیرعبداللہ حسین نے کیا۔ افتتاح کے موقع پر میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے بینک کے صدر اورسی ای او حسین لوائی نے بتا یا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سمٹ بینک کو مکمل اسلامی بینک میں تبدیل کرنے کی اجازت دے دی ہے جبکہ بینک کا بورڈ آف ڈائریکٹرز پہلے ہی گذشتہ برس بینک کو اسلامی بنانے کا فیصلہ کر چکا ہے۔ انہوں نے بتا یا کے رواں سال کے آخر تک سمٹ بینک کی کراچی ، لاہور، اسلام آباد اور فیصل آباد کی چار برانچز کو مکمل طور اسلامی بینکاری میں تبدیل کیا جائے اورپھر مرحلہ وار تمام برانچوں کی اسلامی بینکاری میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتا یابینک کے پورے آپریشن کو اسلامی بینکاری میں تبدیل کرنے کے لئے مفتی محمد نجیب کی خدمات بطور شریعہ ایڈوائزر حاصل کی گئیں ہیں۔ جبکہ اسلامی بینکاری کے آغاز کے لئے ایک ارب روپے کی نئی ایکوٹی بھی حاصل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کے دنیا بھر میں اسلامی بینکاری تیزی سے فروغ پا رہی ہے اور اس وقت پاکستان کی مجموعی بینکاری میں اسلامی بینکاری کا حصہ بڑھ کر 12فیصد تک پہنچ گیا ہے۔پاکستان میں اسلامی بینکاری کی شرح نمو بھی سودی بینکاری سے زیادہ ہے اور اس وقت اسلامی بینکاری 30 فیصد کی شرح سے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے بتا یا کہ اس وقت ملک بھر میں سمٹ بینک کی 187برانچز کام کر رہی ہیں اور مکمل طور پر اسلامی بینکاری میں تبدیل ہونے کے بعد سمٹ بینک ملک کا دوسرابڑا اسلامی بینک بن جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ سمٹ بینک مزید برانچز کھولنے کے بجائے اپنی برانچز کو اسلامی بینکاری پر منتقل کرنے پر توجہ دے گا تا کہ جلد از جلد بینک کے تمام آپریشنز کو شریعہ بینکاری میں تبدیل کیا جا سکے۔انہوں نے بتا یا نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پہلی بار کوئی سودی نظام کا بینک مکمل طور پر اسلامی بینک میں تبدیل ہونے جا رہا ہے اس لئے ہم اس کو ایک چیلیج کے طورپر لے کرایک کامیاب بینک بنانا چاہتے ہیں تا کہ دیگر بینک جو اسلامی بینکاری شروع کرنا چاہتے ہیں اس کو ایک رول ماڈل کے طور پر لیں۔حسین لوائی نے اسلامی بینکاری کے لئے اسٹیٹ بینک کو جانب سے کی جانے والی کاششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بینکنگ شعبے کے ریگولیٹر کے طور پر اسٹیٹ بینک اپنا کردار احسن طریقے سے نبا رہا ہے اور حال ہی میں اسٹیٹ بینک نے ملک بھر میں اسلامی بینکاری کے فروغ کے لئے ایک خصوصی آگاہی مہم شروع کر رکھی ہے جس کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں اور اسلامی بینکاری کی جانب تیزی سے لوگ راغب ہو رہے ہیں۔