فواد عالم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی درست ثابت کر دی
ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک) پاکستانی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی واپسی کو درست ثابت کرتے ہوئے ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں سری لنکا کے خلاف فائنل میں کیریئر کی پہلی سنچری داغ دی۔ فواد عالم نے ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف لیگ میچ میں طویل عرصے بعد پاکستانی ٹیم میں واپسی کی تھی، انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے میچ میں مشکل وقت میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے نصف سنچری مکمل کی تھی، وہ اس میچ میں 74 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آﺅٹ ہوئے تھے۔ ہفتہ کو ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں سری لنکا کے خلاف فائنل میچ میں فواد عالم نے ایک مرتبہ پھر مشکل وقت میں ٹیم کو سہارا دیا، انہوں نے ڈٹ کر آئی لینڈرز کے باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور کیریئر بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی سنچری سکور مکمل کی۔ عالم نے تھسرا پریرا کی گیند پر شاندار چھکا لگا کر سنچری مکمل کی۔