ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی ، ونگ کی بھارتی ٹیم پر شدید تنقید
ممبئی (اے این این) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر دلیپ ونگ سارکار نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی ایشیا کپ میں کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ اگر ایسی ہی کارکردگی ٹوئنٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ میں بھی رہی تو شکست بھارت کا مقدر ہے ۔ ایک بھارتی اخبار سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بھارتی ٹیم کے باؤلنگ اٹیک پر افسوس کا اظہار کیا اور کہاہے کہ ہم وہی پرانے باولرز کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں اور ہمارے پاس کوئی دوسرے آپشنز موجود نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی ٹیم میں جو باؤلرز شامل ہیں وہ تھکے ہوئے اور ذہنی طور پر پریشان نظر آتے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاہے کہ ان کی کارکردگی بھی تسلی بخش نہیں رہی ۔ بھارت ٹیم غیر ملکی دوروں پر سب کچھ ہا ر گئی اور کسی نے کچھ بھی نہیں کیا ۔ انہوں نے کہاکہ موجود کوچ ڈومسٹک کرکٹ کے میچز بھی نہیں دیکھتے اگر وہ ایسا نہیں کریں گے توسلیکشن کمیٹی کو کیا مشورہ دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ کوچ صرف انٹرنیشنل میچز نطر رکھتے ہیں جو کہ ٹھیک نہیں۔ دلیپ نے مزید کہاکہ انہیں نہیں پتہ کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے کوچ کے ساتھ کیا معاہدہ کیا ہے تاہم انہیں چاہے کہ وہ بھارتی ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اپنا کردار ضرور ادا کریں ۔
