سری لنکا نے بھارت کا5 بار ایشیا کپ جیتنے کا ریکارڈ برابر کر دیا

سری لنکا نے بھارت کا5 بار ایشیا کپ جیتنے کا ریکارڈ برابر کر دیا

اسلام آباد (اے پی پی) سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے بھارت کا پانچ بار ایشیا کپ ٹورنامنٹ جیتنے کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ سری لنکن ٹیم نے پاکستان کو ایشیا کپ ٹورنامنٹ 2014ءکے فائنل میں شکست دے کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ ٹورنا منٹ کا آغاز 1983-84ءمیں ہوا تھا اور بھارتی ٹیم نے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ دوسری بار یہ ٹورنامنٹ 1985-86ءمیں کھیلا گیا جس میں سری لنکن ٹیم فتح یاب رہی، 1988-89ءمیں کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم نے سری لنکا سے ٹائٹل دوبارہ چھین لیا اور دوسری بار ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ 1990ءاور 1994ءمیں منعقدہ ایونٹس میں بھی بھارتی ٹیم مکمل طور پر حریف ٹیموں پر چھائی رہی اور اس نے ٹورنامنٹ جیت کر ٹائٹلز کی ہیٹرک مکمل کی۔ 1997ءمیں کھیلے گئے ٹورنامنٹ میں سری لنکا نے ایک مرتبہ پھر کم بیک کیا اور دوسری بار ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ 2000ءمیں پاکستانی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کی بدولت پہلی بار بھارت اور سری لنکا کو ایشین ٹائٹل سے محروم کیا لیکن 2004ءمیں سری لنکا نے دوبارہ ٹائٹل اپنے نام کر کے تیسری بار ایشین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

 2008ءمیں سری لنکا نے چوتھی بار ایشیا کپ جیت کر بھارت کا زیادہ مرتبہ ایشین ٹائٹلز جیتنے کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ 2010ءمیں بھارت نے پھر کم بیک کیا اور ٹائٹل جیت کر پانچ مرتبہ چیمپئن بننے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔ 2011-12ءمیں پاکستانی ٹیم چھائی رہی اور اس نے دوسری بار ایشیا کپ اپنے نام کیا۔ رواں ماہ کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں سری لنکن ٹیم نے پاکستان کو زیر کر کے بھارت کا پانچ بار ایشیا کپ جیتنے کا ریکارڈ برابر کر دیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی