ملک کے سیاسی، معاشی اور سماجی نظام کو سنگین خطرات لاحق ہیں‘سنیٹر سید ظفر علی شاہ

ملک کے سیاسی، معاشی اور سماجی نظام کو سنگین خطرات لاحق ہیں‘سنیٹر سید ظفر ...

اسلام آباد(نیٹ نیوز)سنیٹر سید ظفر علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک کے سیاسی، معاشی اور سماجی نظام کو سنگین خطرات لاحق ہیں جن سے نمٹنے کے لئے حکومت، عوام اور اپوزیشن کو مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔اقتصادی ترقی کیلئے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے جسکے بغیر ملکی ترقی اور غربت کا خاتمہ ناممکن ہے۔ ن لیگ کے سنیٹر سید ظفر علی شاہ نے یہ بات ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر منور مغل کواپنے عہدہ کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دینے کے بعد تاجروں و صنعتکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ چئیرمین رابطہ ایف پی سی سی آئی فیصل سلیم رحمان اور بڑی تعداد میں کاروباری برادری اس موقع پر موجود تھی۔ سنیٹر سید ظفر علی شاہ نے کہا کہ امن ہو گا تو سرمایہ کاری آئے گی جس سے غربت ختم، روزگار کے مواقع اور محاصل میں اضافہ ہو گاجو حکومت کو فلاحی منصوبوں میں سرمایہ کاری کا موقع دیگا۔جن ممالک میں امن نہ ہو وہ ترقی نہیں کر سکتے اور اس سلسلہ میں عوام، تاجروں اور سیاسی جماعتوں کو اہم قومی معاملات پر اختلافات پس پشت ڈالنا ہونگے۔اس موقع پر منور مغل نے انھیں کاروباری برادری کے مسائل سے آگاہ کیااور کہا کہ محفوظ مقام پر منتقلی تک عدالتیں، وکیل اور جج محفوظ نہیں رہ سکتے۔انھوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے لئے امن کے علاوہ توانائی، یکجہتی، سیاسی بالغ نظری اور گڈ گورننس بھی کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

انھوں نے تاجروں و صنعتکاروں کی جانب سے حکومت کو ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا۔

مزید : کامرس