پشاور، ملاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ ، ڈی آئی خان میں بارش ، بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان
لاہور(وقائع نگار)محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پشاور، ملاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ اور ڈی آئی خان ڈویژنوں میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے ۔ بارش کا یہ سلسلہ آئندہ تین روز تک جاری رہنے کی پیشن گوئی کی گئی ہے ۔ متوقع بارشوں سے گندم کی کاشت کے بارانی علاقوں میں فصلوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلیات، وادی سوات میں کالام ،مالم جبہ، وادی کاغان اور چترال کے پہاڑی سلسلوں میں پیر کے روز برف باری کا امکان ہے ۔ گزشتہ روز کے روز ملک بھر میں سب سے کم درجہ حرارت استور میں منفی6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کالام میں منفی3، سکردو اور قلات میں منفی 2 اور گوپیز میں منفی1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت9 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد رہا ۔ اسی طرح ایبٹ آباد میں کم سے کم درجہ حرارت3 ڈگری سینٹی گریڈ، بنوں اور ڈی آئی خان 11، چترال2 اور کوہاٹ میں کم سے کم درجہ حرارت8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
برفباری کا امکان