سانحہ کچہری کے شہدا کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے امدادی پیکج کی منظوری
اسلام آباد ( آئی این پی ) وفاقی حکومت نے سانحہ کچہری کے شہداءکے لواحقین اور زخمیوں کےلئے امدادی پیکج کی منظوری دیدی شہید ہونیوالے سرکاری اہلکاروں کے لواحقین کو 30 لاکھ سے ایک کروڑ تک، سویلین کو 5 ،5لاکھ روپے اور 28 زخمیوں کو 75 ہزار ، 75 ہزار روپے فی کس دیئے جائیں گے ، پمز ہسپتال میں زیر علاج 14 زخمیوں کو امدادی رقوم کے چیک تقسیم کر دیئے گئے ،باقی زخمیوں کے گھروں میں چیک بھجوائے جائیں گے ، 12 شہداءکے اہلخانہ کو وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان خود امدادی چیک دیں گے ۔ ہفتہ کو مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پمز میں زیر علاج کچہری دھماکے کے 14 زخمیوں کے خاندانوں کو 75 ہزار روپے فی کس کے حساب سے چیک دیئے ہیں جبکہ باقی 14 زخمیوں کے گھروں میں امدادی چیک بھجوائے جائیں گے ، شہداءکے اہلخانہ کو وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان خود امدادی رقوم کے چیک دیں گے ، شہداء کے لواحقین کے لئے 5 لاکھ روپے سے ایک کروڑ تک کی امداد کی منظوری دی گئی ہے ۔ دھماکے میں جاںبحق ہونیوالے سویلین کو 5 لاکھ روپے فی کس جبکہ سرکاری اہلکاروں کے اہلخانہ کو 30 لاکھ سے 1 کروڑ تک کی امداد دی جائےگی ۔ چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت دھماکے میں جاںبحق اور زخمی ہونیوالے افراد کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے ۔ امدادی رقوم سے ان کے نقصان کی تلافی نہیں ہوسکتی تاہم حکومت نے اپنی طرف سے غم زدہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کےلئے امدادی پیکج کی منظوری دی ہے ۔