پاکستان چاہے تو دہشتگردی کے خاتمے میں تعاون کے لیے تیار ہیں ۔بھارت

پاکستان چاہے تو دہشتگردی کے خاتمے میں تعاون کے لیے تیار ہیں ۔بھارت

             نئی دہلی (اے این این) بھارت نے پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ د ہشتگردی دونوں ملکوں کے تعلقات میں بڑی رکاوٹ ہے،اس ناسور کے خاتمے کے لئے پاکستان کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہیں، دہشت گردی کے مسئلے پر ہم حکومت پاکستان کے ساتھ ایک ہی صفحے پر کھڑے ہیں۔ بھارتی سیکرٹری خارجہ سجھاتا سنگھ نے ہفتہ کو عالمی یوم خواتین کے موقع پر خاتون صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف ہر ممکن وسائل استعمال کرنا ہونگے اور ہم اس سلسلے میں پاکستان کی معاونت کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کا جواب دہشت گردی سے نہیں دے سکتے دونوں ملکوں کو موجودہ حالات میں موثر اور بہتر انداز میں اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے مل کر کوششیں کرنا ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک امن و استحکام چاہتے ہیں،ہم خطے میں خوشحالی کے خواہشمند ہیں لیکن دہشت گردی اس منزل کے حصول میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی ایک تلخ حقیقت ہے جس کا ہمیں ادراک کرنا ہوگا۔ گزشتہ عرصے میں پاکستان میں دہشت گردی کے پے درپے واقعات نے ہمیں تشویش میں مبتلا کیا ہے اور یہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے میں بڑی رکاوٹ ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے مسئلے پر ہم حکومت پاکستان کے ساتھ ایک ہی صفحے پر کھڑے ہیں اور انسداد دہشت گردی کی مشترکہ کاوشوں کیلئے تیار ہیں۔

مزید : صفحہ آخر