تھر میں فوج نے خوراک اور دوائیں پہنچا دیں ہر ممکن امداد فراہم کی جائیگی،نواز شریف

تھر میں فوج نے خوراک اور دوائیں پہنچا دیں ہر ممکن امداد فراہم کی جائیگی،نواز ...

                                            اسلام آباد،لاہور، پشاور( خصوصی رپورٹ،سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ ضلع تھر پار کر میں خوراک ، پانی اور ادویہ کی کمی کے شکار لوگوں کی مدد کے لئے سندھ حکومت سے بھر پور معاونت کی جائے گی، ہفتے کے روز وزیر اعظم ہاﺅس سے جاری کئے جانے والے بیان میں انہوں نے کہاکہ تھر کے دیہات میں خوراک اور ادویہ کی منتظر بھوکی خواتین اور مردوں کی امداد کے لئے تمام دستیاب وسائل استعمال کئے جانے چاہئیں، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر محکمے انہیں تھر کی صورتحال سے آگاہ رکھ رہے ہیں۔دریں اثنا قحط سے متاثرہ لوگوں کی امداد کے لئے فوجی دستے تھر پہنچ گئے ہیں انہوں نے مختلف علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگا دئیے ہیں، فوج کی طرف سے خوراک اور ادویہ بھی بھیجی گئی ہیں۔وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے صحرائے تھر میں خوراک کی کمی اور قحط کے باعث کثیر تعداد میں بچوں کی ہلاکتوں اور وہاں بسنے والے خاندانوں کی مشکلات کے پیش نظر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیس ہزار خوراک کے پیکٹ متاثرہ افراد میں تقسیم کرنے کے لئے فوری طور پرروانہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔خوراک کے ان بیس ہزار پیکٹوں پر مشتمل پچیس ٹرکوں کا قافلہ صوبائی وزراءچوہدری شفیق اور وحید ارائیں کی سربراہی میں لاہور سے روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ خوراک کی کمی کے شکار صحرائے تھر کے متاثرین اور ان کے بچوں کی زندگیوں کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے ۔وزیراعلی پنجاب نے ڈائریکٹر جنرل ڈیزاسٹرمینجمنٹ پنجاب محمد آصف کو بھی خصوصی طور پر اس قافلے کے ساتھ روانہ ہونے کی ہدایت کی ہے ۔روانہ کئے جانے والے خوراک کے ہرامدادی پیکٹ میں آٹا،چاول،گھی، دالیں، چینی اورچائے کے علاوہ پینے کے پانی کی بوتلیں بھی وافر تعداد میں موجود ہیں۔ہرپیکٹ ایک اوسط درجے کے خاندان کے افراد کی سات دنوں کی خوراک کی ضروریات پورا کرنے کے لئے کافی ہے۔خیبر پختونخواکے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے سندھ کے علاقہ تھر میں خشک سالی سے بچوں کی ہلاکت،لوگوں کی زبوں حالی اور قحط جیسی قدرتی آفت پر انتہائی دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہو ئے صوبائی حکومت اور عوام کی طرف سے اُن سے دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا ہے جبکہ متاثرین کیلئے فوری طور پر دس کروڑ روپے کی امداد اور غذائی اشیاءپہنچانے کا اعلان کیا ہے غذائی اشیاءمیں چاول، آٹا، دالیں ، چینی ، چائے ، کوکنگ آئل ، کھجوریں، نمک ، پانی کی بوتلیں اور ننھے بچوں کی بنیادی خوراک و ادویات شامل ہوں گی وزیر اعلیٰ نے یہ اشیاءمیر پور کی مقامی مارکیٹ سے خرید کر کل تک متاثرہ علاقوں میں پہنچانے اور اس مقصد کیلئے پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل کی معیت میں مستعد ٹیم بھی ہمراہ بھیجنے کی ہدایت کی ہے تاکہ یہ اشیاءغذائی قلت کے شکار بچوں اور لوگوں میں جلد از جلد تقسیم کی جا سکیں اُنہوں نے اس سلسلے میں سیکرٹری ریلیف اورنگزیب خان کوفوری کاروائی کے احکامات دیئے ہیں۔

اعلان

خوراک پیکٹ روانہ

نواز شریف

مزید : صفحہ اول