آئی سی سی کی نئی رینکنگ جاری ، سعید اجمل اور حفیظ کی بادشاہت برقرار
دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ نئی ون ڈے رینکنگ کے مطابق بالرز میں سعید اجمل جب کہ آل راﺅنڈرز میں محمد حفیظ کی بادشاہت برقرار ہے۔ آئی سی سی کی جاری کردہ ون ڈے رینکنگ کے مطابق بلے بازی میں بھارتی بیٹسمین ویرات کوہلی سرفہرست، جنوبی افریقی بلے باز ڈی ویلیئرز دوسرے، آسٹریلیا کے جارج بیلی تیسرے اور جنوبی افریقی کے ہاشم آملہ چوتھے نمبر پر ہیں۔ بالنگ کے شعبے میں پاکستانی جادوگر اسپنر سعید اجمل اس بار بھی سب سے آگے ہیں، دوسرے نمبر پر جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین، تیسرے نمبر پر ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن، چوتھے نمبر پر انگلینڈ کے اسٹیفن موجود ہیں۔ ون ڈے کرکٹ کے آل راﺅنڈرز میں پاکستانی ٹیم کے نائب کپتان محمد حفیظ کا پہلا نمبر ہے جب کہ سری لنکا کے انجیلو میتھیو، بنگلا دیش کے شکیب الحسن، بھارت کے رویندرجدیجا بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر براجمان ہیں۔