نواز عمران ملاقات جلد متوقع
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ )وزیر داخلہ چودھری نثار اور تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے مابین گذشتہ رو ز ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں طالبان کیساتھ مذاکرات اور نئی حکومتی کمیٹی تشکیل دینے سے متعلق تبادلہ خیال ہو ا۔دو نوں رہنماﺅں نے وزیر اعظم نواز شریف اور عمران خان کے درمیان ملاقات کے حوالے سے بھی گفت و شنید کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ و زیر اعظم نواز شریف اور عمران خان کے درمیان اگلے چند دنوں میں ملاقات ہو سکتی ہے،جس میں طالبان کیساتھ مذاکرات کرنیوالی حکومتی کمیٹی میں خیبر پی کے کا نمائندہ شامل کر نیکے حوالے سے بھی صلاح مشو ر ہ بھی ہو گا ا ور اس نام کی حتمی منظوری دی جائیگی۔واضح رہے کہ عمران خان کے ترجمان نے چودھری نثار اور عمران خان کے درمیان ٹیلیفونک رابطے اور عمران خان اور نواز شریف کے درمیان ملاقات کیلئے ہونیوالی کوششوں کی بھی تصدیق کی ہے۔ عمران خان اور چو دھری نثار کے مابین ایک ماہ سے رابطہ ہے۔ وزیرا عظم کی طرف سے عمران خان سے ملاقات کیلئے رضامندی ظاہر کی گئی ہے جبکہ عمران خان بھی وزیرا عظم کیساتھ ملاقات کر کے طالبان کیساتھ ہونیوالے مذا کر ات کے حوالے سے اپنی رائے سے انہیں آگاہ کرنا چاہتے ہیں۔ذرا ئع کا یہ بھی کہنا ہے کہ طالبان کیساتھ مذاکرات کیلئے حکومتی کمیٹی میں خیبر پی کے کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو بھی شامل کئے جانیکا امکان ہے۔