سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان کے لئے ایک ارب ڈالر کی امداد، روپے کی قدر میں اضافہ

سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان کے لئے ایک ارب ڈالر کی امداد، روپے کی قدر میں ...

آنے والے دنوں میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 100کی سطح سے نیچے بھی آ سکتا ہے

سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان کے لئے ایک ارب ڈالر کی امداد، روپے کی قدر میں اضافہ

  

اسلام آباد (عثمان شامی ) نہایت باخبر ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ سعودی حکومت نے گزشتہ دو ہفتے کے دوران پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ میں قریبا ً1 ارب ڈالر کی امداد جمع کرائی ہے جس سے سٹیٹ بینک کے ریزرو بڑھ کر 4 ارب ڈالر پر پہنچ گئے ہیں۔ ایک طویل عرصے میں یہ پہلی مرتبہ ہے کے اسٹیٹ بینک کے ریزرو کمرشل بینکوں کے ذخائر جو کہ 4.7 ارب ڈالر ہیں کے تقریبا برابر ہو گئے ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے اس بر وقت امداد کے نتیجے میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھی گئی ہے اور یہ گر کر 103.5 روپے کے قریب پہنچ گیا ہے۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ آنے والے دنوں میں سعودی عرب کی طرف سے مزید مالی امداد کی توقع ہے جس سے ڈالر 100روپے کی حد سے بھی نیچے آسکتا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اسٹیٹ بنک آف پاکستان اور وزارت خزانہ نے سرکاری طور پر ڈالر ریزروز میں اچانک اضافے کی کوئی بھی وجہ بتانے سے انکار کیا ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کے تبصرے سے گریز کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ حکومتی مذاکرات کئی ماہ سے جاری تھے اور سعودی ولی عہد  کا گزشتہ ماہ ہونے والا دورہ بھی اسی سلسلے کی کڑی تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان کیا ڈیل طے پائی ہے اس حوالے سے کئی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ چند حلقوں کہ کہنا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے امداد کے عوض پاکستان نے دفاعی میدان میں تعاون کی یقین دہانیاں کرائی ہیں۔ اس وقت مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال میں سعودی حکومت اپنی دفاعی ضروریات میں پاکستان کے تعاون کی خواہاں ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے دی گئی حالیہ امداد تاریخ میں پہلی بار امریکہ کی رضامندی کے بغیر دی گئی ہے، سعودی حکومت اپنی دفاعی حکمت عملی کو بدلتے ہوئے حالات کے مطابق تشکیل دے رہی ہے جس میں پاکستان کا کردار اہم ہو گیا ہے تاہم دوسری جانب چند حلقوں کی جانب سے اسے دونوں ممالک کے برس ہا برس کے تعلقات کو سامنے رکھتے ہوئے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مشکل میں دوچار معیشت کے لئے دوستانہ امداد بھی کہا جا رہا ہے۔

مزید : بزنس /اہم خبریں