پاکستان اور یوکرین کے باہمی تجارتی تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے : سفیر لادی میر لو کو موف

پاکستان اور یوکرین کے باہمی تجارتی تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے : سفیر لادی ...

 اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان میں یوکرین کے سفیر ولادی میر لوکوموف نے کہا ہے کہ پاکستان اور یوکرین کے درمیان باہمی تجارتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے، 16 مارچ کو پاک یوکرین سفارتی تعلقات کو 25 سال مکمل ہو جائیں گے، پاکستان ہمارے بہترین دوستوں میں شامل ہے۔ بدھ کو ’’اے پی پی‘‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے یوکرین کے سفیر نے کہا کہ کاروبار موافق ساز حالات مین مزید بہتری لانا دونوں ملکوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پاکستان اور یوکرین کے مابین دفاعی شعبہ میں مثبت تعاون جاری ہے اب اس تعاون کو سول شعبوں تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کیلئے انہوں نے سیاسی رابطوں میں تیزی، تجارت، سرمایہ کاری، فنانس، ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون کیلئے مناسب قانونی بنیاد تشکیل دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ لوکوموف نے کہا کہ میں پاکستان میں یوکرینی سفیر کی حیثیت سے اس بات کا بر ملا اعتراف کرتا ہوں کہ پاکستان ہمارے بہترین دوستوں میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی منڈیوں میں خاصی دلچسپی لے رہے ہیں اور اقتصادی رابطوں میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔2014ء میں پاک یوکرین دو طرفہ تجارتی حجم 500 ملین ڈالر سے تجاوز کر چکی تھی جبکہ گزشتہ سال یہ کم ہو کر 162ملین ڈالر کی سطح پر آگیا تھا۔

مزید : کامرس