یونین کونسل 183مسائل کا گڑھ ، وزیر اعلٰی بنیادی سہولیات فراہم کریں : کاشف جٹ

یونین کونسل 183مسائل کا گڑھ ، وزیر اعلٰی بنیادی سہولیات فراہم کریں : کاشف جٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(فورم دیبا مرزا،اہتمام آصف شاہ ،تصاویر عمر شریف)یونین کونسل 183کے چیئر مین چوہدری کاشف جٹ کا کہنا ہے کہ میری یونین کونسل مسائل کی آماجگاہ بنی ہوئی ہے ،سیوریج کے گندے پانی نے پینے کے صاف پانی کو بھی آلودہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے علاقہ میں ہیپاٹائٹس کی وبا پھیل رہی ہے ۔سیوریج کی ڈرین کے لئے بنائے گئے پانچ کنویں علاقے میں تعفن پھیلا رہے ہیں ۔واٹر فلٹریشن پلانٹ بھی خراب ہیں ،بلدیاتی نظام کا مطلب عوام کو ان کے دروازے تک سہولیات پہنچانا ہے میری وزیر اعلیٰ پنجاب سے پر زور اپیل ہے کہ میرے علاقے کے ا ن چند بڑے مسائل فوری حل کرائے جائیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان فورم میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔علاقے کے مسائل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری یونین کونسل سکول ،ڈسپنسری ،لوکل ٹرانسپورٹ ،پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے ۔انہوں نے بتایا کہ میرے علاقے کی اکثریت غریب عوام پر مشتمل لوگ ہیں جو کہ دو وقت کا کھانا مشکل سے کھاتے ہیں ان لوگوں کو پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولت بھی میسر نہیں ۔ ڈرین کے لئے بنائے گئے کنویں میں سارے علاقوں کا کوڑاڈالا جاتا ہے جو کہ زیر زمین صاف پانی کے ساتھ مل جاتا ہے جس کی وجہ سے صاف پانی آلودہ ہو جاتا ہے اور ہیپا ٹائٹس اور ڈینگی جیسی وبائیں پھیل رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مقامی پی ایچ اے اتھارٹی بھی ہمارے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کرتی جب بھی ان کے پاس شکایت لیکر جائیں تو ناروا سلوک کیا جاتا ہے ۔ہماری یونین کونسل لاہور کی سب سے پسماندہ یونین کونسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئر مین ہونے کی حیثیت سے میری مکمل کوشش ہے کہ میں اپنی عوام کو بنیادی سہولتیں ان کے دروازے پر فراہم کروں ۔