مقدمات میں پیش نہ ہونے پر 21ملزموں کو اشتہاری قرار دے دیاگیا
لاہور(نامہ نگار) ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے مختلف مقدمات میں پیش نہ ہونے پر 21ملزموں کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ اوز کو انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔جوڈیشل مجسٹریٹ طلعت محمود نے اعجاز سمیت دیگر اکیس ملزموں کے مقدمات کی سماعت شروع کی تو عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ ملزم مقدمات میں ضمانت حاصل کرنے کے بعد مسلسل طلبی کے باوجود پیش نہیں ہو رہے، ملزموں اعجاز، قربان، جاوید اقبال، واحد اقبال، ساجد حسین، شبیر محمد، محمد اسحاق، عارف، اخلاق احمد، حارث، نور علی، محمد جاوید، رضوان علی، عتیق الرحمن، عبدالستار، سعدیہ، احمد علی، مشتاق، شفیق، منور، طارق اور زمان کے خلاف اسلام پورہ، رائیونڈ، رنگ محل، شاہدرہ اور گلشن راوی پولیس پرائس کنٹرول، ڈینگی ایکٹ، بغیر لائسنس آتش گیرمادہ فروخت کرنے، شراب نوشی، غیر نمونہ نمبر پلیٹس، غیر معیاری گوشت فروخت کرنے اور جوا کھیلنے کے الزامات کے تحت مقدمات کے چالان پیش کر رکھے ہیں، عدالت نے مسلسل عدم پیشی پر ملزموں کے دائمی وارنٹ جاری کرتے ہوئے اشتہاری قرار دے دیا اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو حکم دیا ہے کہ ملزموں کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے اور ملزموں کے ضامنوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔