شمسی توانائی سے متعلق موزوں مقامات پر مشتمل پاکستان سولر میپ جاری
اسلام آباد ( اے این این )عالمی بینک نے پاکستان میں سورج کی روشنی سے بجلی کی پیداوار کیلئے موزوں ترین مقامات پر مشتمل پاکستان سولر میپ جاری کر دیا ہے ، اس کی روشنی میں اب پاکستانی سرمایہ کاروں کو شمسی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے ایک قابل بھروسہ اور عالمی اداروں کا تصدیق شدہ ڈیٹا دستیاب ہو گیا ہے یہ پاکستان سولر میپ عالمی بینک نے متبادل توانائی کے ذرائع(اے ای ڈی بی)کے قومی ادارے کے اشتراک سے مکمل کیا ہے ، عالمی بینک اور اے ای ڈی بی کی جانب سے جاری کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سولر میپ جاری کرنے کے بعد پاکستان دنیا بھر میں عالمی بینک کے ملٹی ڈونر ٹرسٹ انرجی سیکٹر مینجمنٹ اسسٹنس پروگرام(ای ایس ایم اے پی)سے استفادہ کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے ، پاکستان سولر میپ کی تیاری کیلئے ملک کے 9 مقامات پر دو سال قبل سولر میئرمنٹ اسٹیشن قائم کئے گئے ، جہاں سے سورج کی پورے سال حدت کا تصدیق شدہ عالمی معیار کا ڈیٹا جمع کیا گیا اور اس کی بنیاد پر پاکستان سولر میپ تیار کیا گیا، پاکستان سولر میپ کی تیاری کے بعد پاکستان ان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو گیا ہے جہاں سولر میپ دستیاب ہیں ۔