’’ہم کہیں پکڑے گئے جو ٹنڈ کروا لیں‘‘

’’ہم کہیں پکڑے گئے جو ٹنڈ کروا لیں‘‘
’’ہم کہیں پکڑے گئے جو ٹنڈ کروا لیں‘‘

  


لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اور پشاور زلمی کے کھلاڑی وہاب ریاض نے ڈیرن سیمی کی ’’ٹنڈ‘‘ والی ویڈیو پر اب تک کا سب سے بہترین جواب دیدیا ہے اور تمام کھلاڑیوں پر بازی لے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’کیا ہم کہیں پکڑے گئے ہیں جو ٹنڈ کروا لیں۔‘‘تفصیلات کے مطابق ڈیرین سیمی نے ہانگ کانگ میں ’ٹنڈ‘ کروانے کے بعد سوشل میڈیا پر ویڈیو اپ لوڈ کی اور پشاور زلمی کے دیگر کھلاڑیوں کو ان کا وعدہ یاد دلایا تو ایک نجی ٹی وی نے وہاب ریاض کیساتھ رابطہ کر لیا اور ان سے سوال کر ڈالا کہ اب وہ کب ’ٹنڈ‘ کروا رہے ہیں۔وہاب ریاض نے جواب دیا کہ آپ نے وعدہ کرتے ہوئے ڈیرین سیمی کو دیکھا تھا، ہماری ٹنڈ ضرور کروانی ہے؟ اس پر صحافی نے کہا کہ کھلاڑی تو کپتان کی بات مانتے ہیں جس پر وہاب ریاض نے کہا کہ ’’بالکل! ہم سب کپتان کی بات مانتے ہیں اور اسی وجہ سے پشاور زلمی کامیاب بھی ہوئی ہے۔ البتہ ٹیم کے تمام کھلاڑی جب اکٹھے ہوں گے تو اس ’ٹنڈ‘ والے معاملے پر بات چیت کریں گے۔‘‘ اس پر صحافی نے کہا کہ یعنی جب سب اکٹھے ہوں گے تو پھر ’’اجتماعی ٹنڈ‘‘ کروائیں گے؟ تو وہاب ریاض نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ میں ایسا نہیں کہہ رہا کہ ’ٹنڈ‘ ہو گی، ہو سکتا ہے کہ ہم اس فیصلے کو ختم ہی کر دیں۔خاتون صحافی نے کہا کہ آپ ’ٹنڈ‘ کروا لیں، کیا پتہ آپ کو جچ جائے۔ اس پر وہاب ریاض نے برجستہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ جچے یا نہ جچے، لیکن ابھی وقت نہیں آیا اور جب وقت آئے گا تو پھر دیکھیں گے کہ کیا کرنا ہے۔ صحافی نے ایک اور لقمہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’دیکھ لیں! آپ جشن منا رہے ہیں لیکن ٹنڈ نہیں کروا رہے۔‘‘ تو اس پر وہاب ریاض نے انتہائی دلچسپ جواب، بلکہ یوں کہیں کہ جگت ہی مار دی کہ ’’ کیا ہم لوگ کہیں پکڑے گئے ہیں جو ٹنڈ کروا لیں

مزید : صفحہ اول