انتخابی اصلاحات کی منظوری کیلئے 27ویں ترمیم کا بل قومی اسمبلی میں پیش
اسلام آباد (آئی این پی) وزیر قانون و انصاف زاہد حامد نے انتخابی اصلاحات کی منظوری کیلئے آئین میں 27 ویں ترمیم کا بل بدھ کو قومی اسمبلی میں پیش کردیا‘ انتخابی اصلاحات کو تمام پارلیمانی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے‘ متعلقہ قائمہ کمیٹی سے آئینی ترمیمی بل کی توثیق پر اسے ایوان میں اتفاق رائے سے منظور کرلیا جائے گا‘ وفاقی حکومت کے اختیارات سے متعلق 26 ویں آئینی ترمیم کا بل بھی متعارف کروا دیا گیا ۔ دونوں بلز متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیئے گئے ۔ گزشتہ روز ایوان میں وزیر قانون و انصاف زاہد حامد نے آئین میں 26 ویں اور 27 ویں ترامیم کے بلز پیش کئے۔ حکومت اپوزیشن جماعتوں میں مزید مشاورت کے پیش نظر فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کا آئینی ترمیم بل نہ آسکا ۔ ( 26 ویں آئینی ترمیم کے بل کے بارے میں وزیر قانون و انصاف زاہد حامد نے بتایا کہ یہ ترمیم وفاقی حکومت کے ایک اہم اختیار سے متعلق ہے جو 18 ویں ترمیم کی منظوری کے وقت آئین سے حذف کردیا گیا تھا ۔ اس اختیار کی بحالی کیلئے یہ ترمیم کی جارہی ہے۔ 27 ویں آئینی ترمیم کے بارے میں وزیر قانون نے بتایا کہ یہ انتخابی اصلاہات کے نفاذ کے لئے ہے۔ آئین کی مختلف شقوں میں ردوبدل کیا جارہا ہے ۔ انتخابی اصلاحات کو تمام پارلیمانی جماعتوں کی تائید حاصل ہے ۔ ڈپٹی سپیکر نے دونوں آئینی ترمیمی بلز متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیئے ہیں۔