معلومات نہ دینے پر چودھری نثار کا فیس بک انتظامیہ پر اظہاربرہمی

معلومات نہ دینے پر چودھری نثار کا فیس بک انتظامیہ پر اظہاربرہمی

اسلام آباد (این این آئی) سوشل میڈیا پر جعلی تصویر کے ذریعے ملک کی اعلیٰ عدالتی شخصیت کو متنازعہ بنانے کے معاملے پر ایف آئی اے نے رپورٹ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کو کو پیش کردی گئی۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے فیس بک انتظامیہ کی جانب سے مطلوبہ معلومات کی فراہمی سے انکار پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ فیس بک انتظامیہ اور امریکی حکام کی جانب سے معاملے کی حساسیت کا ادراک نہ کیا جانا افسوس ناک ہے، انہوں نے کہا کہ کسی غیر ملکی کمپنی کی پالیسیوں یا آزادی اظہار کی آڑ میں اہم ملکی شخصیات کو متنازعہ بنانے کی اجازت دی جا سکتی ہے اور نہ ہی سوشل میڈیا کے ذریعے اس حق کو جھوٹ، بہتان اور کردار کشی کا وسیلہ بننے دیا جا سکتا ہے، وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ آئندہ تین روز میں پی ٹی اے کی مشاورت سے سوشل میڈیا کے ذریعے کردار کشی کی روک تھام کے حوالے سے موثر حکمت عملی وضع کی جائے، انہوں نے کہا کہ تمام لیگل آپشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کیلئے ایک ایسا نظام وضع کیا جائے جس میں نہ تو اظہار رائے پر کوئی قدغن لگے اور نہ اس حق کا ناجائز استعمال کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا چلانے والی مختلف کمپنیوں کی انتظامیہ سے بات چیت کرکے فیس بک، ٹوئیٹر اور واٹس ایپ کے لوکل ورژن متعارف کرانے پر بھی غور کیا جائے جس میں اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کردار کشی پر مبنی متنازعہ مواد کی تشہیر کی موثر طریقے سے روک تھام کی جا سکے۔

سوشل میڈیا

مزید : صفحہ اول