ادویات قیمتوں میں اضافہ، یہ تبدیلی ہے یابندے مار منصوبہ ، ڈاکٹر وسیم اختر
بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)امیرجماعت اسلامی صوبہ جنوبی پنجاب سابق پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ حکومت نے صرف 6ماہ کے مختصرعرصے میں ادویات کی قیمتوں میں سوفیصد تک اضافہ کرکے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔امراض قلب،شوگر،بلڈپریشر سمیت دیگر موذی بیماریوں کیلئے استعمال ہونے والی ادویات کے نرخوں میں ہوشربا اضافے سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ موجودہ (بقیہ نمبر25صفحہ12پر )
حکمرانوں کو عوامی مسائل اور ان کے حل سے کوئی غرض نہیں۔رہی سہی کسر حکومت کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں کی لیبارٹریوں کی فیس میں اضافے نے پوری کردی ہے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے صحت کے تمام شعبہ جات میں جابجاسروس چارجزکا نوٹس جاری کیا ہے جس میں تمام سرکاری ہسپتالوں کے ہر شعبہ کیلئے فیسوں میں اضافہ کردیاگیا ہے۔صحت کی مفت سہولیات فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہوتی ہے مگر بدقسمتی سے موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شعبہ صحت شامل ہی نہیں۔دوماہ کے دوران ادویات کی قیمتیں دوبار بڑھائی گئیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہر سال لاکھوں افراد مختلف بیماریوں کے ہاتھوں جاں بحق ہوجاتے ہیں۔ملک کی 70فیصد آبادی جسے دووقت کی روٹی میسر نہیں وہ علاج معالجے کے لیے سرکاری ہسپتالوں کارخ کرتی ہے مگر وہاں پر بھی مریضوں کے ساتھ ہونے والا نارواسلوک اور ذلت وخواری کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔لواحقین کو الگ سے تنگ کیاجاتاہے۔انہوں نے مزید کہاکہ جب تک سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار اور شعبہ صحت کے حوالے سے حکومتی ترجیحات واضح نہیں ہوجاتیں اور عوام کو صحت جیسی بنیادی سہولت ان کی دہلیز پر دستیاب نہیں ہوجاتی تندرست وتوانا معاشرے کاخواب پورانہیں ہوسکتا۔ایک صحت مند معاشرہ ہی ترقی یافتہ قوم کی بنیاد بنتاہے۔
وسیم اختر