واجب الادارقم کا تعین کئے بغیر ٹیکس نادہندگان کو گرفتار نہ کیا جائے: لاہور ہائیکورٹ

واجب الادارقم کا تعین کئے بغیر ٹیکس نادہندگان کو گرفتار نہ کیا جائے: لاہور ...

لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائی کورٹ نے قرار دیا ہے کہ واجب الادا رقم کا تعین کئے بغیر ٹیکس نادہندگان کو گرفتارنہیں کیا جاسکتااور نہ ہی ان کے خلاف فوجداری کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے ۔عدالت نے یہ آبزرویشن ایف بی آر کو ایس ڈبلیو شوگر ملز کے خلاف فوجداری کارروائی سے تاحکم ثانی روکتے ہوئے دی ۔عدالت نے مختلف عدالتی فیصلوں کے حوالے سے قراردیا کہ ایسے مقدمات جن میں دیوانی اور فوجداری معاملات آپس میں گہرے جڑے ہوئے ہوں وہاں فوجداری کارروائی جاری رکھنے سے ٹیکس دہندہ متاثر ہوسکتاہے ،اس لئے دیوانی کارروائی کے حتمی نتیجہ تک فوجداری کارروائی روک دی جانی چاہیے۔درخواست گزار شوگر ملز کی طرف سے عدالت میں موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزارملزملک میں سب سے بہترین چینی تیار کررہی ہے، ایف بی آر کو تمام ٹیکسز ادا کر دیئے ہیں مگر پھر بھی نادہندہ قراردے کرمقدمہ درج کر لیا گیا،ایف بی آر کی جانب سے مقدمہ کا اندراج غیر قانونی اور حد سے تجاوز کے مترادف ہے، ایف بی آر کو ایس ڈبلیو شوگر ملز کے خلاف فوجداری کارروائی سے روکا جائے اورکیس کے حتمی فیصلے تک ایس ڈبلیو شوگر ملز کے خلاف درج مقدمے کو معطل کیاجائے، عدالت نے مدعاعلیہان سے جواب طلب کرتے ہوئے ملز کے خلاف تاحکم ثانی فوجداری کارروائی سے روک دیا۔

مزید : صفحہ آخر /رائے