پنجاب فوڈ اتھارٹی کے چھاپوں کی فوج ٹیج کی تشہیر ، تیل دریاؤں میں بہانے پر پابندی

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے چھاپوں کی فوج ٹیج کی تشہیر ، تیل دریاؤں میں بہانے پر ...

لاہور(نامہ نگارخصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ پنجاب فود اتھارٹی اپنے چھاپوں کی فوٹیج کی تشہیر نہیں کرسکتی ،میڈیا اپنے طور پر خبریں چلاتا ہے تو چلائے ،مسٹر جسٹس مامون رشید شیخ نے یہ حکم شہریوں کوناقص خوراک اور پانی کی فراہمی کے خلاف دائردرخواست پرحکومت پنجاب، کنٹونمنٹ بورڈ، واسا اور محکمہ خوراک سے تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے جاری کیا۔ عدالت نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کو مزید حکم دیاکہ فوڈ پوائنٹس سے لئے گئے نمونہ جات کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور یہ کہ گندے پانی سے سبزیوں کی پیداوار کو روکنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔عدالت نے پکڑا گیا ناقص تیل بھی نہروں یا دریا میں تلف کرنے سے روک دیاہے ۔فاضل جج نے قراردیا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹ تو کہیں بھی دکھائی نہیں دیتے، واسا کے نلوں میں آنے والے پانی کا حال سب کو پتہ ہے ،درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ شہریوں کو محفوظ خوراک کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے، سکولوں کے باہر بچوں کو غیر معیاری خوراک فروخت کی جا رہی ہے،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ فوڈ اتھارٹی کو میڈیا کی طرح کسی کی تشہیر کا کوئی اختیار نہیں ،فوڈ اتھارٹی کے اچھے کام کی تحسین کرتے ہیں مگر کسی کی کردار کشی کی اجازت نہیں دیں گے۔ عدالت نے ڈی جی سے استفسارکیا کہ سرکاری پانی جہاں سے آرہا ہے ،کیاوہاں سے آپ نے چیک کیا؟جس پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے جواب دیا کہ اس پانی کی چیکنگ واسا کے دائرہ میں آتی ہے،ایک لاکھ 52ہزار استعمال شدہ تیل پکڑ کرفروخت ہونے سے روکا، عدالت نے ہدایت کی ایسے تیل کو دریا یا نہر میں نہ ڈالا جائے، ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا محکمے کے ریگولیشنز کے مطابق ناقص اشیائے خوردونوش کو تلف کیا جاتا ہے،عدالت نے اس بابت بھی استفسار کیا کہ سکولوں ،کالجوں اوردیگر تعلیمی اداروں کے باہر غیر معیاری اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف کیا کارروائی کی جارہی ہے؟ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا ہم تقریباًتمام اشیائے خوردونوش بنانے والے پیداواری یونٹس تک پہنچے ہیں، گلی محلوں میں ناقص اشیائے خوردونوش بنانے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے عوام کی مدد کی ضرورت ہے ۔فاضل جج نے مذکورہ احکامات کے ساتھ کیس کی مزید سماعت اگلے ہفتے پر ملتوی کردی۔

پنجاب فوڈ

مزید : صفحہ آخر /رائے