ریلوے افسران و ملازمین محکمے کی ترقی کیلئے کوشاں رہیں،سکندر سلطان

ریلوے افسران و ملازمین محکمے کی ترقی کیلئے کوشاں رہیں،سکندر سلطان

لاہور(لیڈی رپورٹر)مجھے فخر ہے کہ میری تعیناتی پاکستان ریلویز میں ہوئی ۔ اب تک میں بہت سے اداروں میں کام کر چکا ہوں۔ لیکن ریلوے کی وزارت بہت اہمیت کی حامل ہے۔ ریلوے پاکستان کا وہ واحد ادارہ ہے جہاں پر بڑی سے بڑی بات اور چھوٹی سے چھوٹی بات بڑے پیمانے پر ہائی لائٹ ہوتی ہے ان خیالات کا اظہار پاکستان کی تمام ڈویژنوں سے آئے ہوئے ڈویژنل سپرنٹنڈ نٹس کی دوروزہ کانفرنس کے پہلے روز خطاب کے دوران چیئرمین ریلویز سکندرسلطان راجہ نے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کے آپ لوگ اپنے سروس کیریئر کے آغاز سے ہی ریلوے سے وابستہ ہیں لہٰذا آپ لوگوں کو چاہیے کہ ہر وقت آپ اس محکمے کی ترقی اور بہتری کیلئے کوششیں جاری رکھیں۔ یقیناًیہ آپ لوگوں کیلئے نہایت مشکل کام ہوتا ہے کہ ٹرینوں کو مختلف موسمی و دیگرملکی حالات میں اپنے اوقاتِ کار پر منزلِ مقصود تک پہنچایا جائے میں آپ لوگوں کے کام کو سراہتا ہوں۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹوآفیسر محمد آفتاب اکبر نے کہا کہ پسنجر اور فریٹ سیکٹر میں بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں اس سلسلے میں نئی ٹرینیں بھی چلائی جارہی ہیں۔ ٹرینوں میں مسافروں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے۔ کانفرنس کے پہلے روز ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس نے اپنی اپنی ڈویژنوں کی کارکردگی پر مبنی رپورٹس پیش کیں جن میں خصوصی طور پر آمدن اہداف کے حصول اور تعین میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کی گئی۔ اجلاس میں پاکستان ریلویز کی تمام ڈویژنوں سے آنے والے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کے علاوہ ممبر فنانس منظور اختر ملک،جنرل منیجر مینوفیکچرنگ اینڈ سروسز محمد طاہر، جنرل منیجر ویلفیئر اینڈ سپیشل انیشیئٹوشاہد عزیز، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک زبیر شفیع غوری، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینکل اعجاز احمد بروڑو ، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ظفراللہ کلوڑسمیت ریلوے کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

سکندر سلطان

مزید : میٹروپولیٹن 1 /رائے