حکومت خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے پر عز م ہے،آشفہ ریاض
لاہور (لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر برائے ترقی خواتین آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ خواتین کو قومی دھارے میں لائے بغیر ترقی وخوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔حکومت پنجاب خواتین کومعاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے پر عزم ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ترقی خواتین کی جانب سے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران کیا ،جس میں ترجمان وزیراعلیٰ ڈاکٹر شہباز گل ، رکن صوبائی اسمبلی سامعہ سہیل ، چیئرپرسن پنجاب کمیشن آن سٹیٹس آف ویمن فوزیہ وقار، سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ ارم بخاری اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔صوبائی وزیر ترقی خواتین آشفہ ریاض فتیانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ترقی خواتین نے ویمن ہاسٹلز اتھارٹی بنانے پر کام کا آغازکر دیا ہے جو پرائیویٹ ہاسٹلز کو لائسنس کااجراء کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ تمام ہاسٹلز میں ایک جیسی معیاری سہولیات فراہم ہوسکیں۔ علاوہ ازیں خواتین کی حفاظت اورسلامتی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ان ہاسٹلز کے ساتھ ملحقہ کیئر سنٹرز بھی بنائے جائیں گے تاکہ خواتین ذہنی سکون کے ساتھ اپنی ملازمت پر جا سکیں۔سیکرٹری برائے محکمہ ترقی خواتین ارم بخاری کا کہنا تھا کہ محکمے کے مقاصد کو سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز اور پنجاب گروتھ سٹرٹیجی کی مناسبت سے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ خواتین کو معاشی طورپر مستحکم کیا جا سکے۔یو این ویمن سے عائشہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یواین ویمن حکومت پنجاب کے تعاون سے ایسے ماحول کو فروغ دینا چاہتی ہے جس میں خواتین کے لئے مساوی حقوق ہوں اور انہیں صنفی عدم مساوات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ تقریب میں معروف اداکاروں عرفان کھوسٹ،سرمد کھوسٹ اور ثانیہ سعید نے اپنے فن کے جوہر دکھائے۔