معاشی ترقی کے لیے خواتین کا کردار بہت اہم ہے: لاہور چیمبر

معاشی ترقی کے لیے خواتین کا کردار بہت اہم ہے: لاہور چیمبر

لاہور(نیوزرپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی میں خواتین کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے، انہیں معاشی دھارے کا حصہ بنایا اور ایسی موزوں پالیسیاں تشکیل دی جائیں جو تجارتی و معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک پیغام میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ ملک کی آبادی کا نصف حصہ خواتین پر مشتمل ہے اور ان کے فعال کردار کے بغیر ملک معاشی ترقی کا خواب پورا نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی نسبت آج صورتحال بہت بہتر ہے اور خواتین غیرروایتی شعبوں سے ہٹ کر بوتیک، ٹیکسٹائل ڈیزائننگ، بینکنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں کامیابی سے کام کررہی ہیں،حالیہ کچھ عرصہ کے دوران کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کی ترقی کے لیے کافی کام کیا گیا ہے مگر ابھی بہت کچھ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کی طرف سے تیار کردہ مصنوعات کو ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں میں رعایت دیکر ان کی حوصلہ افزائی کرسکتی ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ خواتین کو تمام تجارتی و معاشی شعبوں میں صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ ملک معاشی بحالی کا ہداف کم سے کم وقت میں حاصل کرسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی تعلیم و تربیت بہت ضروری ہے تاکہ اْن کی صلاحتیں نکھر کر سامنے آئیں۔

مزید : کامرس /رائے