صوبائی محکموں کی توسیع سے قبائلی اضلاع واضح فرق محسوس کر ینگے، قلندر خان لودھی

صوبائی محکموں کی توسیع سے قبائلی اضلاع واضح فرق محسوس کر ینگے، قلندر خان ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی نے کہا ہے کہ ضم شدہ اضلاع میں صوبائی حکومت کی مختلف محکموں کی توسیع کے بعد قبائلی عوام واضح فرق محسوس کریں گے۔ان خیالات کا اظہار ضلع باجوڑ کے دورے کے موقع پر مقامی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ تمام صوبائی محکموں کی توسیع کو جلد ممکن بنائی جائے گی اور اس عمل کو جلد ممکن بنانے کے لیے وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلی محمود خان نے کابینہ ممبران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ قبائلی علاقوں کے دورے کرکے وہاں پرزمینی حقائق سے آگاہی حاصل کر کے اپنے متعلقہ محکموں کی توسیع کے لئے اقدامات اٹھائیں۔صوبائی وزیر خوراک نے کہا ہے کہ وہ تواتر کے ساتھ قبائلی اضلاع کا دورہ کریں گے اور اب تک خیبر،مہمند اور باجوڑ میں متصل اضلاع میں خوراک کے عملے کو اضافی چارج دے کر وہاں محکمہ خوراک کو توسیع دے دی گئی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں صرف ایک ملز ہے لیکن حکومت یہاں پر گندم ذخیرہ کرنے کے لئے گودام فوڈ سکیورٹی کے پیش نظر قائم کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ملز لگانے والوں کی حوصلہ افزائی اور سہولیات فراہم کریگی اور محکمہ خوراک بہت جلد گودام اور دیگر انفراسٹرکچر کے لئے ضلع انتظامیہ کو 150 کنال تک زمین کے لیے درخواست دے گی۔اس موقع پر لیویز اہلکاروں نے صوبائی وزیر کو اپنے مسائل اور تحفظات کے بارے میں آگاہ کیا انہوں نے لیویز فورس کو یقین دہانی کر ائی کہ ان کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے وزیر اعلیٰ سے بات چیت کریں گے۔