پیپلز پارٹی ہمیشہ خواتین کی حقوق کی علمبردار رہی ہیں، ناصر حسین شاہ

پیپلز پارٹی ہمیشہ خواتین کی حقوق کی علمبردار رہی ہیں، ناصر حسین شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ورکس اینڈ سروسز و جیل خانہ جات کے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں خواتین کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ باشعور، منظم، مربوط، مستحکم اور متحرک معاشرے میں خواتین کا اہم کردار ہوتا ہے۔ اسلام خواتین کو مساوی حقوق دیتا ہے۔حضور اکرمﷺ کی زندگی میں حضرت عائشہ درس و تدریس کے فرائض انجام دیتی تھیں۔ صوبائی وزیر نے علامہ اقبال کی تحریر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے کہا تھا کہ مرد کی تعلیم صرف ایک فرد واحد کی تعلیم ہے مگر عورت کوتعلیم دینا حقیقت میں تمام خاندان کو تعلیم دینا ہے۔ ناصر شاہ نے کہا کہ خواتین نے اپنی بے مثال ذہانت، مضبوط قوت ارادی اور علم و دانش کی بنیاد پرعظیم کارناموں کی تاریخ رقم کی ہے اورناقابل فراموش تاریخی مقام حاصل کیا۔ مزید کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے سیاست کے میدان میں بے مثال کامیابیاں حاصل کیں۔ قیام پاکستان میں جس طرح فاطمہ جناح نے مردوں کے شانہ بشانہ کام کیا۔ محترمہ نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی ہمت، بہادری، ثابت قدمی، صبر و ثبات، حوصلے، قوتِ برداشت سے روشناس جہدوجہد کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ خواتین کی حقوق کی علمبردار رہی ہیں اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک میں سب سے پہلے خواتین بنک کا قیام ، سمیت خواتین پولیس اسٹیشن کے قیام ، لیڈی ہلتھ ورکرسمیت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا۔ صوبائی وزیر اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو ولولہ انگیز قیادت میں شہید بے نظیر بھٹو کے فلسفے پر عمل کرتے ہوئے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے کام کرتی رہے گی-

مزید : رائے /راولپنڈی صفحہ آخر