معاشی ترقی کا خواب خواتین کی معاونت کے بغیر ناممکن ہے، زینت جہاں

معاشی ترقی کا خواب خواتین کی معاونت کے بغیر ناممکن ہے، زینت جہاں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)عورت ایک لطیف کتاب ہے جس کا ہر ورق خلوص، سچائی اور محبت میں ڈوبا ہوا ہے۔ یہ وسیلہ حیات ہے اس کے بغیر زندگی کا مقصد ہی نہیں لکھا جاسکتا۔ معاشی ترقی اور خوشحالی کا خواب طبقہ نسواں کی معاونت کے بغیر ناممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر انفارمیشن سندھ زینت جہاں نے گذشتہ روز پاکستان کوئز سوسائٹی PQS رجسٹرڈ کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ خواتین پر سرسید گورنمنٹ گرلز کالج ناظم آباد میں منعقدہ بین الکلیاتی و جامعاتی مقابلہ معلومات کی تقریب تقسیمِ انعامات سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت کالج کی پرنسپل پروفیسر خالدہ پروین نے کی۔ دیگر مہمانان میں ایڈیشنل سیکریٹری ایجوکیشن سندھ نذہت فاطمہ، کرنل شاہد جاوید، رکن صوبائی اسمبلی رعنا انصار، پروفیسر جہاں آراء لطفی، پروفیسر نفیسہ قدوائی، ملک کی پہلی میڈیا سائکالاجسٹ خدیجہ شاہد، سینئر خاتون صحافی حمیرا اطہر شامل تھے۔ صدر نشیں پروفیسر خالدہ پروین نے کہا کہ مرد کی ترقی ایک فرد کی جبکہ عورت کی ترقی پورے معاشرے کی ترقی ہے۔ نذہت فاطمہ نے کہا کہ معاشرے میں ملت سازی کیلئے خواتین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ ان کی درست تعلیم و تربیت پرتوجہ مرکوز کرکے معاشرے میں بااختیار بنانا ضروری ہے تاکہ مستقبل کیلئے اعلیٰ تربیت یافتہ قیادتیں سامنے لائی جاسکیں۔ پروفیسر جہاں آراء لطفی نے کہا کہ پرامن اور خوشحال اسلامی معاشرے کی تشکیل کیلئے خواتین کو عزت و احترام کے ساتھ ان کا کردار ادا کرنے کیلئے مواقع مہیا کیے جانے چاہئیں۔ چیئرمین PQS رجسٹرڈ حافظ نسیم الدین نے کہا کہ عورت کی زندگی میں بہتری لانے سے ہی معاشرے میں سنوار آئے گا۔ خواتین کو اپنی حیثیت و مقام کو پہچاننا اور ہر سطح پر خود کو منوانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کوئز سوسائٹی گذشتہ کئی سال سے کوئز کے فروغ کے ذریعے طالبانِ علم میں ذوقِ آگہی پیدا کرنے کا مشن جاری رکھے ہوئے ہے جسے مردوں سے زیادہ خواتین نے کامیاب بنایا ہے۔ تقریب میں سوسائٹی کے صدر عابد زبیر، جنرل سیکریٹری عامر وصی، ممتاز فاطمہ، فیضان احمد، اسماء علی، نازیہ مختار و دیگر بھی موجود تھے۔ منصفینِ کرام پروفیسر یاسمین شیخ، انیلہ تبسم اور شہناز ریحان کے متفقہ فیصلے کے مطابق کامکس کالج گلستانِ جوہر، گورنمنٹ کالج برائے خواتین بلاک K- نارتھ ناظم آباد، گورنمنٹ سرسید گرلز کالج ناظم آباد اور گورنمنٹ کالج برائے خواتین شاہراہِ لیاقت کی ٹیموں نے بالترتیب، اول، دوم، سوم اور خصوصی پوزیشنز حاصل کیں۔ وومنز ڈے کوئز رننگ ٹرافی ایک سال کیلئے کامکس کالج گلستانِ جوہرکے حصہ میں آئی۔

مزید : رائے /راولپنڈی صفحہ آخر