مین ہیٹن کی جانب سے ظفر اللہ پوشنی کی 60سالہ خدمات پر تقریب

مین ہیٹن کی جانب سے ظفر اللہ پوشنی کی 60سالہ خدمات پر تقریب

کراچی (پ ر) پاکستان کی نامور ایجنسیز میں سے ایک ،مین ہیٹن انٹرنیشنل(پرائیویٹ)لمیٹڈنے اپنے ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن، ظفر اللہ پوشنی کے ایجنسی میں ساٹھ سال مکمل کرنے پر تقریب کا انعقاد کیا۔لکھنے کی خداداد صلاحیت کے حامل ،93سالہ سابقہ آرمی آفیسر ظفراللہ پوشنی نے اپنا آرمی کیرئیر ختم ہونے کے کچھ سال بعد 1959میں بطور کاپی رائٹرمین ہیٹن میں شمولیت اختیار کی ۔ صرف پانچ سال کے عرصے میں وہ ایجنسی کے کری ایٹیو ڈائریکٹر بن گئے اور کری ایٹیو ہیڈ کے طور پر 35سال سے زائد خدمات انجام دیں۔ بطور کری ایٹیو ڈائریکٹرظفراللہ پوشنی اور ان کی ٹیم نے کئی بہترین اشتہارات اور جنگلز تیار کئے، جن میں ستر کی دہائی کے اواخر کاقابل ذکر اور مقبول آئی ایس پی آر کا اشتہار ’’ہرگھڑی تیار کامران ہیں ہم ،پاکستانی فوج کے جوان ہیں ہم‘‘ بھی شامل ہے ،جسے ظفراللہ پوشنی نے تحریر کیا۔یہ اشتہار اب بھی خاص مواقعوں پر نشر کیا جاتاہے۔طویل مدت تک خدمات انجام دینے کے بعد بھی ایجنسی سے ان کا تعلق برقرار رہا اور اکیسویں صدی کے آغاز میں انہیں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کے عہدے پر فائز کر دیا گیا۔ ایجنسی میں اپنا ساٹھواں سال مکمل کرنے پر بھی وہ کری ایٹیو ڈپارٹمنٹ میں پرو ف ریڈ نگ اور ٹرانسلیشن میں معاونت کررہے ہیں۔ظفراللہ پوشنی علی الصبح آفس پہنچنے والوں میں سے ایک ہیں اور روزانہ9گھنٹے، کبھی کبھار اس سے بھی زیادہ وقت کام کو دیتے ہیں ۔اس موقع پرظفراللہ پوشنی نے کہا’’میں نے مین ہیٹن میں ساٹھ سال کام کیا ہے اور اپنی کامیابیوں پر اور ساتھی ملازمین کے ساتھ ایجنسی میں اپنی ڈائمنڈ جوبلی مناتے ہوئے میں بے حد فخر محسوس کر رہا ہوں ۔ مین ہیٹن میں سب سے ملنے والی عزت میرے لئے بے انتہا فخر اور مسرت کا باعث ہے۔‘‘اس موقع کو یادگار بنانے اور جناب پوشنی کی خدمات اور بہترین صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مین ہیٹن میں ایک ہائی ٹی پارٹی کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں مین ہیٹن کے بانی و چیئرمین ، بشیر احمد خان ،سی ای او ، دارا بشیر خان،ظفراللہ پوشنی اور دیگر افراد نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔اس تقریب میں ان کی فیملی اور قریبی دوستوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا ۔مین ہیٹن کا ہر فرد ان کی انتھک محنت ،بہترین صلاحیتوں اور اعلیٰ اخلاق کا گرویدہ ہے اور ہم دعا گو ہیں کہ وہ صحت و تندرستی کے ساتھ ادارے کیلئے مزید خد مات انجام دیں ۔

مزید : رائے /راولپنڈی صفحہ آخر