خواتین کا عالمی دن، خصوصی واک آئی جی سندھ کی شرکت

خواتین کا عالمی دن، خصوصی واک آئی جی سندھ کی شرکت

کراچی(کرائم رپورٹر) آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے کہاہے کہ عورت، ماں، بیٹی، بہن اور بیوی کے روپ میں کسی بھی خاندان کے اتحاد ،عزت اور ناموس کی ضمانت ہے ۔آج خواتین کی عزت کرنے اور انکی قدر کرنے کے عہد کی تجدید کا دن ہے ۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کوخواتین کے عالمی دنکی مناسبت سے منعقدہ سلیم واحدی آڈیٹوریم کلفٹن میں تقریب سے خطاب کے دوران کہی۔آئی جی سندھ نے اپنے خطاب میں بانی پاکستان قائداعظمؒ کے قول148کوئی بھی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکتی جب تک خواتین مردوں کے شانہ بشانہ اس میں حصہ نہ لیں147 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی خواتین مستعد،زیادہ ذمہ دار اور پراعتماد رہتے ہوئے تمام شعبہ ہائے زندگی میں مصروف عمل ہیں اور ملک کی تعمیروترقی اور خوشحالی جیسے اقدامات میں مردوں کے شانہ بشانہ اپنا انفرادی اوراجتماعی کردار بطریق احسن انجام دے رہی ہیں۔لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ خواتین کی ہر پلیٹ فارم پر ناصرف حوصلہ افزائی کی جائے بلکہ انکی صلاحیتوں کا برملا اظہار اور اعتراف بھی کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس میں خواتین بھرتی کا کوٹہ پانچ سے بڑھاکر دس فیصد کردیا گیا ہے تاہم مزید اقدامات میں خواتین کانسٹیبلز کی آسامیاں کم کرکے اے ایس آئی کی سیٹیں بھی بڑھائی جائیں گی خواتین پولیس افسران واہلکاروں کی سہولت کے لیئے ڈے کیئرسینٹر کے ساتھ ساتھ تھانہ جات میں رومز بھی قائم کیئے جارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین افسران کو پولیس کے جملہ شعبہ جات میں اہم ذمہ داریوں کے مواقع دیئے جارہے ہیں تاکہ ایک مثال بنکر خواتین افسران مردوں کے شانہ بشانہ کام کرکے اپنی محنت لگن اور قائدانہ صلاحیتوں کا اعتراف کراسکیں۔آئی جی سندھ نے کہا کہ پی ایس ایل کرکٹ سیکیورٹی کے دوران خواتین پولیس افسران واہلکاروں نے اپنی مجموعی ذمہ داریوں کو بطریق احسن اور مستعد رہتے ہوئے انجام دہی سے اس میگا ایونٹ کو کامیاب بنانا ہے ۔ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹرامیر شیخ نے اس خصوصی دن کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ عورت نے ہرعہد میں مرد کے شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے گھر سے لیکرسماج تک خدمت اور ایثار کی داستانیں رقم کی ہیں۔کوئی بھی معاشرہ عورت کو محکوم،زیردست اور پابند رکھ کر ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا۔دین اسلام بھی خواتین کے حقوق کی بات کرتا ہے ۔محکمہ پولیس کی یہ کوشش ہے کہ خواتین پولیس افسران کو کمانڈنگ پوزیشن پر لارہے ہیں جبکہ آئی جی سندھ بھی اس حوالے سے تمام تر سنجیدہ اقدامات اٹھارہے ہیں۔اس موقع پرتمام ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز،ایس ایس پیز،ایس پیز،اے آئی جیز، سندھ پولیس،پاک آرمی،پاک فضائیہ کی خواتین افسران سمیت سول سوسائٹی سے وابستہ دیگر خواتین کے علاوہ ریٹائرڈخواتین ججزنے بھی شرکت کی۔تقریب سے خواتین پولیس افسران سمیت سول سوسائٹی ودیگر اداروں سے وابستہ خواتین نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر آئی جی سندھ کو اجرک ودیگر تحائف بھی دیئے گئے ۔قبل ازیں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر دو تلوار کلفٹن تا لائسنس برانچ خصوصی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں آئی جی سندھ سمیت خواتین پولیس افسران،اہلکاروں ودیگر خواتین نے شرکت کی۔

مزید : رائے /راولپنڈی صفحہ آخر