چین سے دوستی اور تعاون کے فروغ کے لئے کمیونسٹ پارٹی سے مل کر کام کرنے کو تیار ہیں:شہباز شریف کی چینی قونصل جنرل سے گفتگو

چین سے دوستی اور تعاون کے فروغ کے لئے کمیونسٹ پارٹی سے مل کر کام کرنے کو تیار ...
چین سے دوستی اور تعاون کے فروغ کے لئے کمیونسٹ پارٹی سے مل کر کام کرنے کو تیار ہیں:شہباز شریف کی چینی قونصل جنرل سے گفتگو

  


لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بِن نے کہاہے کہ سی پیک سے عوامی سطح پر روابط کو فروغ اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا ،زراعت اور صنعتی پارکس قائم ہوں گے ،صنعتی پارکس کے قیام سے مستقبل کی راہداری کی تعمیر پر توجہ مرکوز کی گئی ،کمیونسٹ پارٹی چین پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں سے دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات استوار کرنے کی خواہاں ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدراور قائد حزب اختلاف شہبازشریف سے چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بِن کی لاہور میں ملاقات ہوئی جس دوران لانگ ڈنگ بن نے کہاکہ چین اور پاکستان سدابہار آزمودہ دوست اور سٹرٹیجک شراکت دار ہیں،دونوں ممالک کی دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ،عالمی سطح پر حالات کچھ بھی ہوں، پاک چین دوستی آگے ہی بڑھتی رہی ہے ،چین پاکستان اقتصادی راہداری کی ترقی کی صورت دونوں ممالک کا مختلف شعبہ جات میں تعاون عوامی مفاد میں ہے۔انہوں نے کہاکہ سی پیک سے عوامی سطح پر روابط کو فروغ اور عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا ،زراعت اور صنعتی پارکس قائم ہوں گے ،صنعتی پارکس کے قیام سے مستقبل کی راہداری کی تعمیر پر توجہ مرکوز کی گئی ،کمیونسٹ پارٹی چین پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں سے دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات استوار کرنے کی خواہاں ہے،سی پیک کی ترقی اور فروغ سے دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستانہ تعلقات کو نئی جہت ملی۔

شہبازشریف نے کہاکہ چین کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت پر دل کی گہرائیوں سے شکرگزار ہیں،چین کی قیادت اور عوام نے سچے دوست کی طرح پاکستان کا ساتھ دیا، عوام اس دوستی کی قدر کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)پاکستان کی مرکزی سیاسی جماعت ہونے کی حیثیت سے کمیونسٹ پارٹی کی دوستی اور باہمی تعاون کی پیشکش کا خیرمقدم کرتی ہے، چین سے دوستی اور تعاون کے فروغ کے لئے کمیونسٹ پارٹی سے مل کر کام کرنے کو تیار ہیں ۔شہبازشریف نے کہاکہ دونوں جماعتوں کے اشتراک عمل اور تعاون سے چین پاکستان دوستی مزید گہری ہوگی، دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے، تعاون اور اشتراک کی نئی راہیں کھلیں گی ۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہاکہ سی پیک چین کا پاکستان کے لئے بیش قیمت تحفہ ہے ،سی پیک کی تعمیر، دوطرفہ تعلقات کی ترقی اور فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہوں گا،چین پاکستان کی دوستی کے لئے مسلم لیگ (ن) اور شہبازشریف ہر خدمت کو اعزاز سمجھتا ہے۔

مزید : قومی