عمران خان اور حسن روحانی میں ٹیلیفونک رابطہ، پاک بھارت کشیدگی میں ایران کے کردار پر تبادلہ خیال

عمران خان اور حسن روحانی میں ٹیلیفونک رابطہ، پاک بھارت کشیدگی میں ایران کے ...
عمران خان اور حسن روحانی میں ٹیلیفونک رابطہ، پاک بھارت کشیدگی میں ایران کے کردار پر تبادلہ خیال

  


اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان اور ایرانی صدر حسن روحانی کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں ممالک کے انٹیلی جنس تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا جبکہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ایران کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماﺅں نے پاک بھارت کشیدگی کی صورتحال میں ایران کے کردار پر بھی گفتگو کی۔

وزیر اعظم عمران خان اورایرانی صدر حسن روحانی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں وزیراعظم نے ایرانی صدر کو خطے کی موجودہ صورتحال اور پاک بھارت کشیدگی سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور وزیر اعظم عمران خان کے مستقبل قریب میں دورہ ایران کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے انٹیلی جنس اداروں میں تعاون ضروری ہے۔ ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں رہنماﺅں نے موجودہ صورتحال میں ایران کے کردار پر تبادلہ خیال کیا اور وزیر اعظم نے ایسی صورتحال میں برادر ممالک کے مثبت کردار پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے کشمیری عوام کی اخلاقی حمایت کرنے پر ایرانی صدر کا شکریہ ادا کیا۔  عمران خان نے ایران میں ہونے والے حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر ایرانی صدر کے ساتھ اظہار تعزیت بھی کیا۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر اور پڑوسی ممالک ہیں جن کے عوام کے مابین تاریخی اور ثقافتی تعلقات ہیں دونوں ممالک کا خطے میں قیام امن کیلئے کلیدی کردار ہے۔ خطے میں اقتصادی ترقی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔

مزید : Breaking News /اہم خبریں /قومی /بین الاقوامی