نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز کیلئے تیار کرنا ہو گا،پروفیسر امجد

نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز کیلئے تیار کرنا ہو گا،پروفیسر امجد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (پ ر) ریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر امجد علی خان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو مستقبل کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے ان کی سماجی تربیت کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھناہوگا اسی سے ملک کے مستقبل کو روشن اور تابناک بنایا جا سکے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے جونیئر کیمپسز میں ریسکیو 1122 کی جانب سے دی جانے والی تربیت کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ننھے بچوں کی اس انداز سے تربیت کی جانی چاہیے کہ وہ سہی اور غلط کی پہچان کرنے کے ساتھ ساتھ مثبت سمت میں گامزن ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو جدید تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔

لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کے ساتھ ساتھ ہم انہیں سماجی روایات و اقدار سے بھی روشناس کروائیں۔ ریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز نے کہا کہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز بچوں کی تربیت کے دوران ان تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتا ہے جس سے سماجی حوالے سے ان کی درست رہنمائی ہوسکے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیمپس ہیڈ 137 اے پروفیسر صباء طارق نے کہا کہ یونیک گروپ ہر سال اپنے ننھے بچوں کو آفات سے نمٹنے کے لیے ان کی بنیادی تربیت کے عمل کو پورا کرتا ہے اور اس ضمن میں ریسکیو کی جانب سے دی جانے والی ٹریننگ اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی آج کی تربیت کل کی ترقی و کامیابی کا باعث بنتی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیمپس ہیڈ 408پاک بلاک پروفیسر ماریہ نے کہا کہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز میں ننھے بچوں کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ دیگر سرگرمیوں کے مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں جس میں ان کی سماجی تربیت کو خصوصی اہمیت دی جاتی ہے۔ تقریب میں ریسکیو 1122کی جانب سے ننھے بچوں کو مختلف حادثات اور آفات سے نمٹنے کے حوالے سے مکمل ٹریننگ دی گئی۔