وزیر جنگلات نے لکڑی چوری کی شکایات پر نوٹس لے لیا
لاہور(اپنے نمائندے سے)وزیر جنگلات سبطین خان نے جنوبی پنجاب میں لکڑی چوری کی شکایات پر نوٹس لے لیا۔ سبطین خان نے جنوبی پنجاب کے محکمہ جنگلات کے افسران کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔ وزیر جنگلات نے محکمہ کو جنوبی پنجاب کے محکمہ جنگلات کے تمام افسران سے تحقیقات کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے تحقیقاتی عمل کی نگرانی خود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر جنگلات کا کہنا ہے کہ تحقیقات کو شفاف بنانے کیلئے انویسٹیگیشن کے سارے عمل میں خود شریک رہیں گے اور براہ راست نگرانی کریں گے۔ سبطین خان نے متنبہ کیا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد لکڑی چوری کرنے یا لکڑی چوری میں مدد دینے میں ملوث افسران کے خلاف 24 گھنٹوں میں ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لکڑی و جنگلات کے دیگر اثاثہ جات کی چوری ناقابل معافی جرم ہے۔
ملوث افسران کے خلاف نہ صرف سخت قانونی کارروائی ہوگی بلکہ قانونی کارروائی کے علاوہ افسران کو فاریسٹ ایکٹ 2019 کے تحت بھی سزائیں دی جائیں گی۔