سخاکوٹ،آل گڈز ٹرانسپورٹ یونین کا 16 مارچ کو صوبہ گیر ہڑتال کا اعلان

سخاکوٹ،آل گڈز ٹرانسپورٹ یونین کا 16 مارچ کو صوبہ گیر ہڑتال کا اعلان

  

سخاکوٹ(نمائندہ پاکستان)آل خیبر پختونخواہ گڈز ٹرانسپورٹ یونین فیڈریشن نے موٹر وے پولیس، ایکسائز، نشنل ہائی وے اور ٹریفک پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرکے 16مارچ سے صوبہ گیر ہڑتال کا اعلان کردیا۔ بے جا جرمانوں، بھتہ خوری اور چالان سے ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیوروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ درگئی میں منعقد ہ مظاہرے کی قیادت ال خیبر پختونخواہ گڈز ٹرانسپورٹ یونین فیڈریشن کے صوبائی صدر انجینئر محمد جمیل خان نے کی۔مظاہرے کے دوران شرکا نے پولیس کے ظالمانہ اورناروا سلوک کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی۔احتجاجی مظاہرے کے بعدال خیبر پختونخوا گڈز ٹرانسپورٹ یونین فیڈریشن کے صوبائی صدر انجینئر محمد جمیل، صوبائی چئیر مین حاجی لیاقت خان ہوتی،نائب چیئر مین محمد ایوب جدون، نائب صدر سعید جمال، جنرل سیکرٹری حاجی سکندر خان،پریس سیکرٹری نصیب گل،فنانس سیکرٹری حاجی نوررحمان،ڈپٹی سیکرٹری محمد عمران اور سکندر زمان نے مشترکہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایکسائز پولیس تمام لوازمات مکمل ہونے کے باوجود ٹیمپرنگ کے نام پر تنگ کر کے ٹرانسپورٹرز سے بھتہ وصول کررہا ہے اورٹریفک پولیس ناجائز پرچہ جات دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی طرف سے ٹریفک پولیس کو ہر پرچہ پر مخصوص فیصدی دیکر مزید ظلم پر اکسا ر ہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موٹر وے اور نیشنل ہائی وے پولیس اوورلوڈنگ کا بہانہ بنا کر چالان پر چالان دے ر ہے ہیں جس سے گڈز ٹرانسپورٹ یونین مجبور ہوکر 16مارچ کو صوبہ گیر ہڑتال کرنے کا اعلان کررہی ہے جس سے پیدا ہونے والے اٹا، سبزی، گھی، چاول سمیت تمام غذائی قلت اور دیگر تمام نقصانات کی ذمہ دار ی حکومت پر ہوگی۔صوبائی قائدین نے کہا کہ صوبہ گیر ہڑتال کے دوران تمام جی ٹی روڈز بھی بند کئے جائیں گے۔یونین کے عہدیداروں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں گڈز ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں۔ ہرطرف بے رحمانہ اور نارواسلوک کیا جارہا ہے۔ مالکان اقساط،سپیئرپارٹس،ٹائیرز اور تنخواہوں کے لئے انڈر پلئی پر مجبورہیں لیکن باربار مطالبات کے باجودحکومت ہمارے مسائل پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملک کے معیشت کو سہارا دیا اور ملک میں کسی بھی جنگی حالات میں سرحدات تک راشن پہنچایا۔روزگار کے مواقع پیدا کئے لیکن خصوصا کے پی کے پولیس کے ہاتھوں ہمارے ساتھ ہونے والے مظالم کے خلاف ہمارے حالات پر رحم کر نے والا کوئی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی ہڑتال کے بعد ملکی سطح پر بھی ہڑتال کی کال دیں گے جو مسائل کے حل تک جاری رہیگی۔اس دوران صوبائی صدرانجینئر محمد جمیل نے 13مارچ کو پشاور میں ریلی کا بھی اعلان کیا۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -