سٹاک مارکیٹ پھر شدید مندی کا شکار، انڈیکس 786.29پوائنٹس گر گیا، سرمایہ کاروں کو ایک کھرب 9ارب روپے کا نقصان 

سٹاک مارکیٹ پھر شدید مندی کا شکار، انڈیکس 786.29پوائنٹس گر گیا، سرمایہ کاروں ...

  

 کراچی (اکنامک رپورٹر) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کوشدید مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کو ترجیع دینے کے باعث کے ایس ای100انڈیکس786.29پوائنٹس کی کمی سے45051.06پوائنٹس کی سطح پرآ گیا جب کہ76.79فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس سے سرمایہ کاروں کو ایک کھرب9ارب7کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑاتاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 44.96فیصدزائد رہا۔گزشتہ روز کاروبارکا آغاز مثبت زون میں ہوا جس کے باعث ابتدائی اوقات میں کے ایس ای100 انڈیکس 46ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے 46435پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں ملکی سیاسی افق پر غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کا رجحان بڑھ گیا جس کے نتیجے میں مندی چھاگئی اور دوران ٹریڈنگ انڈیکس 45ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 44848پوائنٹس کی نچلی سطح پرآ گیا بعد میں ریکوری آئی اور انڈیکس45ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی لیکن مندی کا رجحانآخر تک غالب رہا اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس786.29پوائنٹس کی کمی سے45051.06پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس303.10پوائنٹس کی کمی سے18870.73پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 437.11پوائنٹس کی کمی سے30964.91پوائنٹس کی سطح پرآ گیا۔گزشتہ روزمجموعی طور پر405کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے85کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ311میں کمی اور9کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔بیشتر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں گرنے کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت81کھرب92ارب4کروڑ35لاکھ روپے سے گھٹ کر80کھرب82ارب97کروڑ34لاکھ روپے ہوگئی۔قیمتوں میں اتار چڑھاوٗ کے لحاظ سے سرفہرست کمپنیوں میں سیپ ہائر ٹیکس کے حصص کی قیمت63.65روپے کے اضافے سے 1046روپے اورانڈس ڈائنگ کے حصص کی قیمت51.63روپے کے اضافے سے 912.24روپے ہوگئی جب کہ انڈس موٹر کمپنی75.73روپے کی کمی سے 1024.42روپے اورفلپ موریس کے حصص کی قیمت54.33روپے کی کمی سے1300 روپے ہوگئی۔ مقامی کرنسی مارکیٹوں میں پیر کو پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی ریکارڈ کی گئی اور انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 10پیسے جب کہ اوپن مارکیٹ میں 30پیسے کی کمی ہوئی۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید10پیسے کی کمی سے157.15روپے سے گھٹ کر157.05روپے اور قیمت فروخت157.25روپے سے گھٹ کر157.15روپے ہوگئی جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید30پیسے کی کمی سے157.30روپے سے گھٹ کر 157روپے اور قیمت فروخت20پیسے کی کمی سے157.50روپے سے گھٹ کر 157.30روپے ہوگئی۔دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت خرید ایک روپے کی کمی سے186.50روپے سے گھٹ کر 185.50روپے اور قیمت فروخت188روپے سے گھٹ کر187روپے ہوگئی جبکہ برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید216.50روپے سے گھٹ کر 216روپے ہوگئی اور قیمت فروخت 218روپے مستحکم رہی۔مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت مزید50روپے کی کمی سے1لاکھ2ہزار500روپے کی سطح پر آگئی۔آل صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز عالمی گولڈ مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 7ڈالرکی کمی سے1693ڈالر ہوگئی جس کے زیر اثر مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 50روپے کی کمی سے1لاکھ 2ہزار500روپے اور دس گرام سونے کی قیمت43روپے کی کمی سے 87ہزار877روپے ہوگئی جب کہ چاندی کی فی تولہ قیمت20روپے کی کمی سے1320روپے ہوگئی۔

سٹاک مارکیٹ

مزید :

پشاورصفحہ آخر -