بہاولپور: ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا دوسرا مرحلہ‘ مختلف مقابلے‘ بھرپور داد 

بہاولپور: ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا دوسرا مرحلہ‘ مختلف مقابلے‘ بھرپور داد 

  

بہاول پور(بیورورپورٹ)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر پنجاب کونسل آف دی آرٹس بہاولپور ڈویژن کے تحت چیف منسٹر پنجاب ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام 2020-21ئکے ڈویژنل سطح کے دوسرے مرحلے کا آخری پروگرام گزشتہ روز رشیدیہ آڈیٹوریم بہاولپور آرٹس کونسل میں منعقد ہوا جس میں بہاولپورڈویڑن کے تینوں اضلاع سے گائیکی، آلات(بقیہ نمبر52صفحہ 7پر)

 موسیقی، شاعری،کہانی نویسی اور مصوری کے مقابلوں میں پوزیشن لینے والے43 مرد و خواتین و طلبا و طالبات نے بھرپور حصہ لیتے ہوئے اپنے اپنے فن کا بہترین مظاہرہ کیا۔ سابق وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ و انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین حکومت پاکستان حافظ حسین احمد مدنی نے تقریب تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کے ان ٹیلنٹ ہنٹ پروگراموں سے نوجوان فنکاروں، تخلیق کاروں اور فنون لطیفہ میں دلچسپی رکھنے والوں کو ایک بہترین پلیٹ فارم حاصل ہوا ہے۔ ٹیلنٹ ہنٹ کے انعقاد سے مقامی ٹیلنٹ کو صوبائی سطح پر اپنے فن کے اظہار کا موقع ملے گا جس سے ان نوجوانوں کی صلاحیتیں مزید نکھر کر سامنے آئیں گی۔ مہمان اعزاز رہنما پاکستان تحریک انصاف و ممبر سنڈیکیٹ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سمیرا ملک نے کہا کہ ہمارے نوجوان تعلیم، تخلیق اور فنون لطیفہ سمیت کسی بھی میدان میں کسی سے پیچھے نہیں ہے۔ وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کے ویژن نے انکو اپنے فن کے اظہار کا قابل ستائش موقع فراہم کیا ہے۔ ڈائریکٹر بہاولپور آرٹس کونسل محمد زبیر ربانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی سطح پر کامیابی کے بعد آج ڈویژنل سطح کے پروگرام بھی کامیابی اور جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ان تمام مقابلہ جات میں 500 سے زائد 15 سے 35 سال کے ہنر مند مرد و خواتین اور طلبہ و طالبات نے بھرپور طریقہ سے حصہ لیا اور اپنے فن سے اپنے ادارے اور اپنے ضلع کا نام روشن کیا۔ انھوں نے بتایا کہ ڈویژنل سطح پر تمام کیٹیگریز میں کامیاب ہونے والے نوجوان اب صوبائی سطح پر ہونے والے مقابلہ جات میں شرکت کریں گے۔ڈویژنل مقابلہ جات میں ججزکے فرائض عابد حسن رضوی، محمد افضل جہانگیر، غلام حسین، شعیب احمد ، جمیل پروانہ، ڈاکٹر نواز کاوش، عاصمہ نذر، نوازش علی اور سجاد پرویز نے انتہائی پیشہ ورانہ طریقہ سے سرانجام دیئے۔ ان نتائج کے مطابق مقابلہ گائیکی میں بہاول نگر سے محمد رمضان نے اول، رحیم یارخان سے اسامہ علی نے دوم اور بہاولنگر سے ارسلان ریاض نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلہ آلات گائیکی میں بہاولپور سے مجاہد علی، بہاولپور سے جمیل حسین اوررحیم یارخان سے خضر عباس نے بالترتیب پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مقابلہ شاعری میں بہاولنگر سے سیدہ ام البنین اول، بہاولپور سے محمد ذوالقرنین جواد نے دوسری اوررحیم یار خان سے شفقت حبیب صفدر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کہانی نویسی کے مقابلہ میں رحیم یار خان سے محمد فراز نے میدان مارا جبکہ بہاولپور سے فضا یوسف دوسری اوربہاولنگر سے صابرہ  نواز نے تیسری پوزیشن کے اہل ہوئے۔ اور مقابلہ مصوری کے نتائج کے مطابق رحیم یا ر خان کے عبید الرحمن نے اول،بہاولپور کے جاوید اقبال نے دوم اوربہاولپور کے ہی ندیم گِل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔حافظ حسین احمد مدنی، سمیرا ملک اور ڈائریکٹر بہاولپور آرٹس کونسل محمد زبیر ربانی نے مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو بالترتیب 15 ہزار، 10 ہزار اور 5 ہزار روپے کے چیک دئیے۔ اس موقع پر مقابلہ میں شرکت کرنے والے نوجوانوں نے فنون لطیفہ کو اجاگر کرنے کے اقدامات اور بہاولپور آرٹس کونسل کے تعاون اور بہترین ماحول فراہم کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔ تقریب تقسیم انعامات میں ڈپٹی ڈائریکٹر آرٹس کونسل عکاشہ رسول،پروگرام آفیسر ملک ذکاء اللہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مہ جبیں طاہر، ملک مقبول ایڈوکیٹ، نذیر خالد سابق ڈائریکٹر تعلقات عامہ، اعجار رحمانی، سہیل احمد، مختیا ر انجم، تسنیم گیلانی، اعجاز توکل، سہیل احمد علی احمد، رمضان، گلریز جاوید و دیگر عمائدین شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پنجاب حکومت کے اس اقدام کو بے حد سراہا۔ تقریب میں نظامت کے فرائض ملک ذکاء اللہ اور مس فاطمہ افتخار نے سرانجام دیئے۔

بھرپور داد

مزید :

ملتان صفحہ آخر -